عمرکو ٹ، پاکستان سیٹیزن پورٹل پر موصول ہونے والی عوامی شکایات کاجلد از جلد ازالہ کیا جائے، ڈپٹی کمشنر

بدھ 11 ستمبر 2019 21:04

عمرکو ٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ ندیم الرحمان میمن نے پاکستان سیٹیزن پورٹل ڈلیوری یونٹ کے حوالے سے ضلع کے تمام افسران سے ڈپٹی کمشنر افس کے دربار ہال میں میٹنگ کی۔ اس موقع پر انہوں نے تمام افسران سے پاکستان سیٹیزن پورٹل ڈلیوری یونٹ کے ڈیش بورڈپر موصول ہونے والی عوامی شکایات سے متعلق تفصیلی بریفنگ لیتے ہوئے کہا کہ آنے والی تمام شکایات کا ازالہ جلد سے جلد کیا جائے اور تمام افسران اپنی کارکردگی یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کے خلاف موصول ہونے والے تمام شکایات کا جائزہ لینے کے لیے ہر ماہ اجلاس طلب کیا جائے گا، انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ شکایات کرنے والے افراد کو تسلی بخش جواب دیں اور ان کی شکایات جلد سے جلد ختم کروائی جائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جنوری 2019 سے لے کر اب تک موصول ہونے والی شکایات کاجائزہ لیا گیا جس میں محکمہ صحت کے خلاف 45،محکمہ پولیس کے خلاف 50، ٹاؤن کمیٹیز کے خلاف 61، مونسپل کمیٹی عمرکوٹ کے خلاف 29، محکمہ نادرا کے خلاف 02، محکمہ حیسکو کے خلاف 619، سیکریٹری آر ٹی اے کے خلاف 04 اور دیگر محکموں کے خلاف کی گئی شکایات کا جائزہ لیا گیا اور انہیں حل کرنے کے لیے احکامات جاری کئے۔

اس موقع پر ایس ایس پی عمرکوٹ اعجاز شیخ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون حق نواز شر، چاروں تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر عمرکوٹ ڈاکٹر الھداد، محکمہ تعلیم ، روینیو، پبلک ہیلتھ انجنئیرنگ، نادرا ، مونسپل کمیٹی، ٹاؤن کمیٹیز اور دیگر محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔