جعلی اکاؤنٹس کیس میں نامزد ملزم ندیم الطاف وعدہ معاف گواہ بن گیا،عدالت نے ملزم کو رہا کرنے کا حکم دے دیا

بدھ 11 ستمبر 2019 22:47

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) احتساب عدالت اسلام آباد میں جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے شریک ملزم حسین لوائی کو مالی فائدہ پہنچانے والا نامزد ملزم ندیم الطاف وعدہ معاف گواہ بن گیا،عدالت نے ملزم کی رہائی کے لیے دائر درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو رہا کرنے کا حکم دے دیا ۔

(جاری ہے)

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں نیب نے ملزم ندیم الطاف کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کر دیا، نیب پراسیکیوٹر نے عدالت میں دلائل دئیے کہ ملزم ندیم الطاف وعدہ معاف گواہ بن گیا ہے جبکہ ملزم ندیم الطاف کا 164 کا بیان بھی ریکارڈ کر لیا گیا ہے، اسکے علاوہ ملزم کی جانب سے دی گئی وعدہ معاف گواہ کی درخواست پر تمام قانونی نقاط پر عمل کر لیا گیا ہے اور ملزم ندیم الطاف کو چیئرمین کے سامنے بھی پیش کر چکے ہیں، اب ملزم ندیم الطاف ہمارہ گواہ بن گیا ہے، نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم ندیم الطاف کے رہائی کی احکامات جاری کیے جائیں جس پر عدالت نے ملزم کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ ملزم ندیم الطاف سندھ بنک میں کریڈٹ ڈویڑن کے سربراہ تھے اور ملزمان پر حسین لوائی کی فرنٹ کمپنیوں کو غیر قانونی قرض دینے کا الزام ہے۔