شریف خاندان کے افراد کی نواز شر یف سے جیل میں ملاقات ، ذاتی معالج نے طبی معائنہ کیا

شہباز شریف نے بڑے بھائی سے مجموعی سیاسی صورتحال تبادلہ خیال ،مختلف امور پررہنمائی لی ‘ ذرائع

جمعرات 12 ستمبر 2019 21:23

شریف خاندان کے افراد کی نواز شر یف سے جیل میں ملاقات ، ذاتی معالج نے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2019ء) شریف خاندان کے افراد نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شر یف سے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کی ، ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے بھی نواز شریف سے ملاقات کر کے ان کا طبی معائنہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق نواز شریف سے ان کی والدہ بیگم شمیم اختر،بھائی شہباز شریف ، داماد کیپٹن (ر)محمدصفدراورذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

اہل خانہ نے نواز شریف سے ان کی خیریت دریافت کی جبکہ نواز شریف نے بھی اپنے چھوٹے بھائی شہباز شریف کی خیریت دریافت کی ۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں نواز شریف اور شہباز شریف نے نیب کیسز سمیت مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جبکہ شہباز شریف نے اپنے بڑے بھائی سے مختلف امور پر رہنمائی بھی حاصل کی ۔ملاقات میں شریک ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے نواز شریف کا طبی معائنہ بھی کیا ۔نواز شریف اورشریف خاندان سے اظہاریکجہتی کے لئے جیل کے باہر موجود کارکنان قیادت کے حق میں اور حکومت کیخلاف نعرے لگاتے رہے ۔