Live Updates

پی ٹی وی حملہ کیس:علیم خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

انسداددہشت گردی کی عدالت کا مسلسل غیرحاضری پر سابق صوبائی وزیرکے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے 30ستمبر کو پیش کرنے کا حکم

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 13 ستمبر 2019 15:42

پی ٹی وی حملہ کیس:علیم خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔13 ستمبر۔2019ء) انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان ٹیلی ویژن حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے راہنما علیم خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں . وفاقی دارالحکومت اسلام آبادکی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے پی ٹٰی وی حملہ کیس کی سماعت کی‘دوران سماعت عدالت نے مسلسل غیرحاضری پر ملزم علیم خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے.

عدالت نے سیکرٹریٹ پولیس کو عبدالعلیم خان کو گرفتار کرکے 30 ستمبر تک پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی.

(جاری ہے)

خیال رہے کہ فروری 2019 میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان ٹیلی ویژن حملہ کیس میں تحریک انصاف رہنما اور وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسف زئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے. عدالت نے مسلسل عدم حاضری پر شوکت یوسف زئی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے اور انہیں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا تھا‘ جولائی 2019 میں انسداد دہشت گردی عدالت نے تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت، بشمول ڈاکٹر عارف علوی، کو 2014 کے دھرنے کے دوران ان کے خلاف درج کیسز میں پیش ہونے سے استثنیٰ دے دی تھی.

2014 میں اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے دھرنے کے دوران مشتعل افراد نے یکم ستمبر کو پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز پر حملہ کردیا تھا، جس کی وجہ سے پی ٹی وی نیوز اور پی ٹی وی ورلڈ کی نشریات کچھ دیر کے لیے معطل ہوگئی تھیں. حملے میں ملوث ہونے کے الزام میں تقریباً 70 افراد کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں پارلیمنٹ ہاﺅس، پی ٹی وی اور سرکاری املاک پر حملوں اور کار سرکار میں مداخلت کے الزامات کے تحت انسداد دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا.

عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری پر اسلام آباد کے ریڈ زون میں توڑ پھوڑ اور سرکاری ٹی وی پاکستان ٹیلی ویژن پر حملے سمیت ایس ایس پی اسلام آباد عصمت اللہ جونیجو کو زخمی کرنے کا الزام لگایا گیا تھا.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات