سرفراز احمد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان برقرار، بابراعظم نائب کپتان مقرر

سرفراز احمد قائداعظم ٹرافی کے پہلے روز کے اختتام پر یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں پریس کانفرنس کریں گے

جمعہ 13 ستمبر 2019 19:07

سرفراز احمد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان برقرار، بابراعظم نائب کپتان مقرر
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 ستمبر2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے رواں ماہ کے آخر میں شیڈول سری لنکا کے خلاف ایک روزہ او ر ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے سرفراز احمد کو قومی کرکٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھا ہے۔ 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک جاری رہنے والی سیریز میں قومی کرکٹ ٹیم کی نائب کپتانی بابر اعظم کریں گے۔

سرفراز احمد کو اپریل 2016 میں قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔

2017 میں سرفراز احمد کو قومی ایک روزہ کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا تھا۔ اسی سال ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے بعد سرفراز احمد کو تینوں فارمیٹ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا تھا۔ سرفراز احمد اب تک 13 ٹیسٹ ، 48 ایک روزہ اور 34 ٹی ٹونٹی میچز میں قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں 4 ٹیسٹ، 26 ایک روزہ اور 29 ٹی ٹونٹی میچز میں کامیابی حاصل کرچکی ہے۔



بابراعظم آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں 16ویں، ایک روزہ کرکٹ میں تیسرے اور ٹی ٹونٹی کرکٹ میں پہلے بہترین بلے باز ہیں۔ بابراعظم اس سے قبل آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2012 میں پاکستان کی قیادت کرچکے ہیں۔ بابراعظم آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2010 میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ بابراعظم گذشتہ 4 سال سے قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کررہے ہیں۔



قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور نائب کپتان کا تقرر چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کیا ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح اور پی سی بی کرکٹ کمیٹی نے دونوں ناموں کی سفارش کی تھی۔

سرفراز احمد، کپتان قومی کرکٹ ٹیم:

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے مجھے قومی کرکٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنے کا لطف آرہا ہے۔مستقبل میں مصباح الحق کی زیرنگرانی ہماری صلاحیتوں میں نکھار آئے گا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ میں نے مصباح الحق کی زیرنگرانی بہت کرکٹ کھیلی ہے اور امید ہے کہ ہمارے باہمی تعاون سے قومی کرکٹ ٹیم تینوں فارمیٹ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
    
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے اعتراف کیا ہے کہ ہم ایک روزہ کرکٹ میں اپنے معیار کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے تاہم وہ پرامید ہیں کہ بطور کپتان وہ آئندہ اس فارمیٹ میں اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھانے کی کوشش کریں گے۔



سرفراز احمد نے کہا کہ مجھے اپنی ٹیم پر مکمل اعتماد ہے۔ مصباح الحق اور میں ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل لانے کی کوشش کریں۔

احسان مانی،چیئرمین پی سی بی:

چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد ایک تجربہ کار کھلاڑی ہیں۔ امید ہیکہ سرفراز احمد اور مصباح الحق قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں نکھارلائیں گے۔

احسان مانی نے کہاکہ ہم نے بابراعظم کو قومی کرکٹ ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا ہے۔

یہ مستقبل میں بابر اعظم کی تربیت کا بہترین موقع ہوگا۔ امید ہے مصباح الحق، سرفراز احمد اور بابر اعظم تینوں مل کر قومی کرکٹ ٹیم کی بہتری کے لیے کام کریں گے۔

مصباح الحق، ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم :

مصباح الحق نے کہا کہ میں کپتان برقرار رہنے پر سرفراز احمدکو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

مصباح الحق نے کہا کہ میں ہمیشہ سرفراز احمد کے کھیل کے دوران جوش اور ولولہ کا معترف رہا ہوں۔

سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے 19 ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان پیر کو ہوگا۔سیریز کے لیے کیمپ بدھ سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں شروع ہوگا۔

سیریز کے لیے 16 رکنی حتمی اسکواڈ کا اعلان 23 ستمبر کو کیا جائے گا۔