Live Updates

پی آئی اے بالآخر دنیا کی بہترین ائیرلائن بننے کی راہ پر گامزن ہوگئی، 6 ماہ میں 6 سال سے زیادہ کی آمدنی کما لی

قومی ائیرلائن کی گزشتہ 6 ماہ کے دوران 63 ارب روپے سے زائد کی آمدنی ریکارڈ، جبکہ گزشتہ 6 برس کی کل آمدنی صرف 43 ارب روپے تھی، اخراجات میں بھی 1 ارب 30 کروڑ روپے سے زائد کی کمی کر لی گئی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 14 ستمبر 2019 00:38

پی آئی اے بالآخر دنیا کی بہترین ائیرلائن بننے کی راہ پر گامزن ہوگئی، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 ستمبر2019ء) پی آئی اے بالآخر دنیا کی بہترین ائیرلائن بننے کی راہ پر گامزن ہوگئی، 6 ماہ میں 6 سال سے زیادہ کی آمدنی کما لی، قومی ائیرلائن کی گزشتہ 6 ماہ کے دوران 63 ارب روپے سے زائد کی آمدنی ریکارڈ، جبکہ گزشتہ 6 برس کی کل آمدنی صرف 43 ارب روپے تھی، اخراجات میں بھی 1 ارب 30 کروڑ روپے سے زائد کی کمی کر لی گئی۔

تفصیلات کے مطابق قومی ائیرلائن پی آئی اے کی برسوں کی تباہ حالی کے بعد بالآخر بہتری کی جانب گامزن ہوگئی ہے۔ برسوں سے خسارے میں چلنے والی پی آئی اے اب تیزی سے منافع کمانے لگی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران قومی ائیرلائن کی آمدنی میں اربوں روپے کا زبردست اضافہ ہوا ہے۔ آمدنی میں یہ اضافہ گزشتہ 6 برس کی کل آمدنی سے بھی زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

پی آئی اے کی 2012 سے 2018 کے اختتام تک کل 43 ارب روپے کی آمدنی ریکارڈ کی گئی تھی۔ جبکہ 2019 میں گزشتہ 6 ماہ کے دوران پی آئی اے نے ریکارڈ 63 ارب کمائے ہیں۔ دوسری جانب وزیر اعظم کے وژن کے تحت پی آئی اے نے بزنس پلان پرعمل شروع کردیا، پی آئی اے کے فلیٹ میں مزید 7 طیارے شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دو ایئر بس 320 طیارے ڈرائی لیز پر آئندہ ماہ بیڑے میں شامل ہوں گے جبکہ مزید5طیارے آئندہ سال پی آئی اےبیڑےمیں شامل ہوجائیں گے، پی آئی اے کے بیڑے میں مزید طیارے شامل ہونے سے تعداد 37 ہو جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چار سال میں پی آئی اے کا فلیٹ45 طیاروں سے زائد پر مشتمل ہوگا۔ دوسری جانب پی آئی اے نے اپنے مزید نئے روٹس میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے ، ایئربس320 طیارے شامل ہونے سے پی آئی اے کے روٹس میں اضافہ ہوگا۔ یاد رہے گذشتہ ماہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پی آئی اے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے نئے طیاروں کے حصول کی اجازت دی تھی، سال2023تک مجموعی طور پر12 نئے طیارے فضائی بیڑے میں شامل کیے جائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات