پنجاب پولیس نے ولایتی شراب کو دیسی شراب میں تبدیل کر دیا

لاہور کی ڈیفنس اے پولیس نے یکم ستمبر کو پکڑی جانے والے ولایتی شراب کو ایف آئی آر میں دیسی شراب بنا کر عدالت کے سامنے پیش کیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 14 ستمبر 2019 17:15

پنجاب پولیس نے ولایتی شراب کو دیسی شراب میں تبدیل کر دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 ستمبر 2019ء) : پنجاب پولیس کے ٹارچر سیلز اور لاکھوں روپے مالیت کا سامان گُم کرنے کے کمالات ابھی ختم نہیں ہوئے تھے کہ پنجاب پولیس کا ایک اور کارنامہ سامنے آ گیا ہے۔ پنجاب پولیس نے ولایتی شراب کو دیسی شراب بنا کر پیش کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی ڈیفنس اے پولیس نے یکم ستمبر کو پکڑی جانے والے ولایتی شراب کو ایف آئی آر میں دیسی شراب بنا کر عدالت کے سامنے پیش کر دیا۔

ملزم جاوید نے حقیقت معلوم ہونے پر سی سی پی او لاہور کو اے ایس آئی اشتیاق اور اہلکار مشتاق کے خلاف درخواست بھی جمع کروا دی ہے۔ جاوید نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ پولیس نے میری گاڑی سے ساڑھے 4 لاکھ روپے مالیت کی ولایتی شراب کی 28 بوتلیں برآمد کی تھیں لیکن جب مجھے گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا تو معلوم ہوا کہ ایف آئی آر میں دیسی شراب کی بوتلیں لکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ملزم جاوید کے مطابق پولیس اہلکاروں نے میری تلاشی کے دوران 32 ہزار روپے بھی لے لیے تھے جو مجھے بعد میں بھی واپس نہیں کیے گئے۔ درخواست گزار جاوید نے سی سی پی او اور آئی جی پنجاب سے اپیل کی ہے کہ مذکورہ پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ یاد رہے کہ لاپور پولیس نے ملزم جاوید سے یکم ستمبر کو ولایتی شراب برآمد کی تھی لیکن تھانے میں 60 لیٹر دیسی شراب کا پرچہ درج کروایا گیا۔

ملزم جاوید کے مطابق اے ایس آئی اشتیاق احمد نے اہلکار مشتاق ہمراہ یکم ستمبر کو گاڑی اور ولایتی شراب سمیت گرفتار کیا تھا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی پنجاب پولیس کے ایسے کئی کارنامے سامنے آ چکے ہیں۔ حال ہی میں پولیس حراست میں موجود صلاح الدین کی پولیس کے مبینہ تشدد کی وجہ سے موت واقع ہو گئی تھی جس پر پولیس کو خاصی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔