ہمارے پاس بہترین ججزکام کررہے ہیں اپنے رویوں کو تبدیل کئے بغیر بہتری نہیں لائی جاسکتی،چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ

ہفتہ 14 ستمبر 2019 20:20

ہمارے پاس بہترین ججزکام کررہے ہیں اپنے رویوں کو تبدیل کئے بغیر بہتری ..
لاہور۔14 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2019ء) چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا ہے کہ ہمارے پاس بہترین ججزکام کررہے ہیں، اپنے رویوں کو تبدیل کئے بغیر بہتری نہیں لائی جاسکتی۔ وہ ہفتہ کے روز لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں معروف قانون دان سابق وفاقی وزیر قانون ایس ایم ظفرکی کتاب کی تقریب رونمائی میں شرکاء سے خطاب کررہے تھے ،انہوں نے کہا کہ تاریخ کی خوبصورتی یہ ہے کہ اسے اپنے انداز میں بیان کیا جا سکتا ہے،جس دور سے ہم گزر رہے ہیں اس میں تاریخ بن نہیں رہی بلکہ حقائق اجاگرہورہے ہیں،تاریخ دان ہی ہمارے موجودہ دور کے بارے میں بتائیں گے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے کہا کہ میرا عہدہ موجودہ صورتحال پر بات کرنے کی اجازت نہیں دیتا،میں جانتا ہوں کہ ہمارے معاشرے میں بہترین وکلاء موجود ہیں،مگرتاریخ دان بتائیں گے کہ آج کے وکلاء بہترین دلائل دیتے تھے،ان کاانداز بیاں اچھا تھایا وہ ہاتھ اورککوں سے دلائل دینا جانتے تھے،چیف جسٹس نے کہا کہ اپنے رویوں کو تبدیل کئے بغیر بہتری نہیں لائی جاسکتی،بہتری لانے کیلئے ادارے، رویے اورسوچ کو ایک پیج پرلانا ہوگا،اسی فارمولے کے تحت پاکستانی عدلیہ نے مقدمات نمٹانے کا ریکارڈ قائم کیا،سپیشل فوجداری ٹرائل عدالتوں نے ایک سو سینتیس دنوں میں 36000 ٹرائل نمٹادئیے،نئے قوانین، اضافی اخراجات، موجودہ انفراسٹرکچر کے ساتھ ہی اہداف مکمل کرنا خوش آئند ہے، تقریب سے ایس ایم ظفرکے علاوہ، دانشوروں، سیاست دانوں، صحافیوں اوردیگر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والوں نے بھی اظہار خیال کیا۔