سہہ ملکی ٹی 20 سیریز کے دوران افغان بلے بازوں نے لگاتار 7 گیندوں پر 7 چھکے جڑ دیئے

اتوار 15 ستمبر 2019 20:50

ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2019ء) بنگلہ دیش میں جاری سہہ ملکی ٹی 20 سیریز کے دوران افغان بلے بازوں نے لگاتار 7 گیندوں پر 7 چھکے جڑ دیئے،ٹی 20کرکٹ میں لگاتار 6 چھکے تو لگ چکے ہیں تاہم 7 چھکے پہلی بار مارے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق بنگلادیش میں جاری 3ملکی ٹی 20سیریز میں افغانستان اور زمبابوے آمنے سامنے تھے، افغانستان کے بلے بازوں نجیب اللہ زادران اور محمد نبی نے کرشمہ کردیا۔

مسلسل 7گیندوں پر 7چھکے لگادیئے، 17ویں اوور میں محمد نبی نے چاٹارا کو 4چھکے جڑ دیئے۔اوورز کے اختتام پر اینڈ تبدیل ہوا اگلے ہی اوور کی پہلی 3گیندوں پر نجیب اللہ نے تینوں بار گیند کو باؤنڈری کے باہر پھینکا اور کسی بھی طرز کی کرکٹ میں مسلسل 7گیندوں پر 7چھکوں کا ورلڈ ریکارڈ بن گیاکیونکہ اس سے پہلے کرکٹ کے اس فارمیٹ میں کبھی بھی یہ کارنامہ سر انجام نہیں دیا گیا۔

(جاری ہے)

میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے جس کے جواب میں زمبابوین ٹیم مقررہ اوورز میں صرف 169 رنز ہی بناپائی۔دوسری جانب افغانستان کی ٹیم نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں فتوحات کی نصف سنچری مکمل کر لی۔ اس سے قبل پاکستان، آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی ٹیمیں بھی یہ اعزاز حاصل کر چکی ہیں۔ پاکستانی ٹیم کو ریکارڈ 90 فتوحات حاصل کرنے کا عالمی اعزاز حاصل ہے۔