بلدیاتی ادارے کو اختیارات نہ ملنے کا معاملہ،مئیر شیخ انصر عزیز کا حکومت کے خلاف عدالتی جنگ لڑنے کا فیصلہ ، عدالت سے رجوع کرلیا

پیر 16 ستمبر 2019 15:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2019ء) شہر اقتدار کے بلدیاتی ادارے کو اختیارات نہ ملنے کا معاملہ،مئیر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے وفاقی حکومت کے خلاف عدالتی جنگ لڑنے کا فیصلہ کرلیا اس سلسلے میں مئیر اسلام آباد شیخ انصر نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے اختیارات کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔ پیر کو مئیر اسلام آباد کی طرف سے سینئر ایڈووکیٹ احمد نواز نے درخواست دائر کردی، درخوراست میں کہاگیا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کو 2017 میں وزارت داخلہ نے باضابطہ اختیارات دینا تھے۔

(جاری ہے)

درخواست کے متن کے مطابق ایم سی آئی کو لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کے مطابق اب تک اختیارات نہیں دئیے گئے،جو ادارے ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے سے ایم سی آئی کو منتقل ہوئے اس میں مداخلت کی جارہی ہے۔درخواست میں کہاگیاکہ سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انتظامی امور میں مداخلت کو روکا جائے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیاکہ عدالت سے درخواست ہے کہ ایم سی آئی کو مکمل اختیارات اور انتظامی کنٹرول فراہم کیا جائے، ادارے میں ملازمین کے تبادلوں، تقرریوں اور فنڈز کا مکمل اختیار دیا جائے۔