ایران امریکی پابندیوں کی موجودگی میں جوہری معاہدے پر مذاکرات نہیں کرے گا، حکومتی ترجمان

پیر 16 ستمبر 2019 16:37

تہران ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2019ء) ایران کے حکومتی ترجمان علی رابی نے کہا ہے کہ ان کا ملک امریکی پابندیوں کی موجودگی میں جوہری معاہدے پر مذاکرات نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار ہم نے پابندیوں کے باوجود امریکا سے مذاکرات کیے لیکن امریکہ کی جانب سے جوہری معاہدے سے نکلنے کے بعد اب ہم پابندیوں کے ہوتے ہوئے امریکا سے مذاکرات نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہمارا اعتماد حاصل کرنا چاہتا ہے تو پھر ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 5 مستقل رکن ممالک اور جرمنی یعنی پی 5+1گروپ کے فریم ورک کے مطابق جوہری معاملے کے حوالے سے مذاکرات کریں گے۔ واضح رہے کہ امریکہ مئی 2018ء میں ایران کے جوہری معاہدے کو جامع معاہدہ نہ ہونے کا بہانہ کر کے اس سے نکل گیا اور بعدازاں امریکی انتظامیہ نے زیادہ سے زیادہ دبائو بڑھانے کے لیے ایران کی اقتصادی خصوصاً تیل کی برآمدات پر نئی پابندیاں عائد کیں۔