تھانہ کراچی کمپنی کے علاقے سیکٹر جی ایٹ ون سے پندرہ سالہ لڑکی کو اغواء کر لیا گیا

پیر 16 ستمبر 2019 23:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2019ء) تھانہ کراچی کمپنی کے علاقے سیکٹر جی ایٹ ون سے پندرہ سالہ لڑکی کو اغواء کر لیا گیا۔ پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے تاہم تاحال نامعلوم اغواء کاروں کا کوئی سراغ نہیں لگایا جا سکا جس پر بچی کے والدین نے نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔

احتجاج میں ایس پی صدر عمر خان پہنچے جنہوں نے والدین کو بچی کی فوری بازیابی کروانے کی یقین دہانی کروائی۔تفصیلات کے مطابق تھانہ کراچی کمپنی پولیس کو نجی سکول کے سینئر او لیول ٹیچر خالد محمود اعوان نے بتایا کہ مدعی کی بیٹی بعمر پندرہ سال، گلی میں واک کرنے کے لئے نکلی جو واپس گھر نہ آئی جس کو کسی نامعلوم اغواء کار نے اغواء کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

بچی کے والدین نے گزشتہ روز نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔ والدین کا کہنا تھا کہ آئی جی اسلام آباد پولیس اور ایس ایس پی تعاون نہیں کر رہے۔احتجاج کے موقع پر ایس پی صدر عمر خان موقع پر پہنچے۔ ایس پی صدر نے مغویہ کے والدین سے ملاقات کی ،ایس پی کے ہمراہ ایس ڈی پی او اور ایس ایچ او بھی موجود تھے ،ایس پی صدر نے بچی کے والدین کو پولیس کی اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا،ایس پی صدر نے بچی کے والدین کو یقین دہانی کروائی کہ بچی کو جلد بحفاظت تلاش کر لیا جائے گا، پولیس بچی کو تلاش کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کارلارہی ہے۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 364بجرم365ت پ درج کر لیا ہے جبکہ مذید تحقیقات جاری ہیں۔