پی ٹی آئی کے حکمران دوغلی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے،سکندر حیات خان شیرپائو

بدھ 18 ستمبر 2019 23:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2019ء) قومی وطن پارٹی کے رہنماء سکندر حیات خان شیرپائو نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کے حکمران دوغلی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے ایک طرف عوام کو سبز باغ جبکہ دوسری طرف ہوشربا مہنگائی ،مختلف ٹیکسوں،پٹرولیم مصنوعات اور بجلی و گیس کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ کے ذریعے ان کی زندگی مشکل بنا رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم عوامی مسائل اجاگرکرنے کیلئے ہر سطح پر آواز اٹھائیں گے اور اس سلسلے میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے وطن کور پشاور میں کیو ڈبلیو پی ضلع کوہستان کے ایک تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پارٹی کے مرکزی رہنماء احمد نواذ خان اور طارق احمد خان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کوہستان میں پارٹی کے تنظیمی امور کا مکمل جائزہ لیا گیااور اس پر سیر حاصل بحث کی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سکندر شیرپائو نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کو تنظیمی لحاظ سے مزید مضبوط و موثر قوت بنایا جا رہا ہے اور اس ضمن میں صوبہ کے کونے کو نے اور چپے چپے میں پارٹی کی تنظیم نو جاری ہے۔

انھوںنے کہا کہ عوام پی ٹی آئی کی حکومت سے متنفر ہو گئے ہیں۔انھوں نے بی آرٹی کیلئے ناقص اور غیر سنجیدہ منصوبہ بندی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ منصوبہ اب بھی نہ صرف ٹوٹ پھوٹ کا شکاربلکہ حالیہ دنوں میں بھی اس میں کئی جگہوں پر نقص نکل آئے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ 50لا کھ گھر،ایک کروڑ نوکریاں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 46روپے مقرر کے دعوے کہاں گئے۔

انھوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ ابترمعاشی و اقتصادی صورتحال سے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ پی ٹی آئی حکمرانوں نے اقتدار کے ایوانوں تک رسائی کے لیے تبدیلی ،میرٹ کی بالادستی اور بدعنوانی کے خاتمے جیسے کھوکھلے نعروں سے عوام کو گمراہ کیا ۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ سنگین اور کھٹن صورتحال میں پختونوں کو مسائل سے نکلنے کیلئے اتحاد و اتفاق اور یکجہتی کا مظاہرہ کرکے قومی وطن پارٹی کے پلیٹ فارم پر متحد ہونا ہوگا۔