پی ٹی اے نے ایف آئی اے کے ساتھ مل کر اسلام آباد اور فیصل آباد میں غیر قانونی ٹیلی کام ٹریفک کے نیٹ ورکس کو پکڑ لیا

جمعہ 20 ستمبر 2019 15:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) غیرقانونی گرے ٹریفک کی روک تھام کے حوالے سے جاری کوششوں کے سلسلے میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی ای) نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی ای) کے ساتھ مل کر اسلام آباد اور فیصل آباد میں دو کامیاب چھاپوں میں غیر قانونی ٹیلی کام ٹریفک کے نیٹ ورکس کو پکڑ لیا۔ پہلا چھاپہ پی ٹی اے زونل دفتر راولپنڈی کی ٹیم نے ٹریڈ سینٹر ایف 11 مرکز اسلام آباد میں مارا جس میں ایک لیپ ٹاپ، انٹرنیٹ ڈیوائس اور ایک پی ایس ٹی این گیٹ وے بشمول 20 فعال لینڈ لائن نمبر قبضے میں لے لئے گئے۔

سیٹ اپ کے مالک کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا۔ غیر قانونی گرے ٹریفکرز کے خلاف دوسرا کامیاب چھاپہ پی ٹی اے کے زونل دفتر لاہور کی ٹیم نے ایف آئی اے کے ساتھ مل کر فیصل آباد میں مارا۔

(جاری ہے)

یہ چھاپہ فیصل آباد کے ایک گائوں سنتا چک نمبر 229RB میں مارا گیا جس میں تین گیٹ ویز، 332 پورٹس، تین ٹی پی لنک رائوٹرز، تین انٹرنیٹ ڈیوائسز ، ایک انٹر نیٹ یو ایس بی اور 140 سمز قبضے میں لے لی گئیں۔ موقع پرعابد حسین نامی شخص کو گرفتار کر لیا گیا جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔ جمعرات کو فیصل آباد میں پہلے ہی ایک اور کامیاب چھاپہ مارا جا چکا ہے۔ غیر قانونی ٹریفک کی روک تھام کے لئے یہ کامیاب چھاپے پی ٹی اے کی لگاتار مانیٹرنگ، عزم اور مسلسل کوششوں اور ایف آئی اے کے تعاون کی بدولت ممکن ہو سکے۔