ایم کیوایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان کی کراچی پریس کلب پرآل سندھ پیرنٹس ایسوسی ایشن کے احتجاجی مظاہرے میں شرکت

ایم کیو ایم پاکستان پرائیویٹ اسکول مالکان کی جانب سے فیسوں میں غیر قانونی اضافے کے اس عمل کیخلاف قومی وصوبائی اسمبلی میں آواز بلند کرے گی،عامرخان

ہفتہ 21 ستمبر 2019 23:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2019ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کراچی پریس کلب پرآل سندھ پیرنٹس ایسوسی ایشنASPA کے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی۔احتجاجی مظاہرہ پرائیوٹ اسکول مالکان کی جانب سے کئے جانے والے سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی اور بچوں کی فیسوں میں بے جا اضافے کیخلاف منعقد کیا گیا تھا۔

احتجاجی مظاہرے کے شرکا کا کہنا تھا کہ پرائیوٹ اسکول فیس نہ بڑھانے کے عمل کواپنے اضافی فیسوں میں والدین کو الجھا کر فیس کے نام پر اسکول کے اخراجات میں اضافہ کررہے ہیں،جبکہ سپریم کورٹ کا فیس نہ بڑھانے کے حکم کو پرائیوٹ اسکول کے مالکان و انتظامیہ دوسری مد میں بڑھا رہے ہیں۔اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں ہم متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے عوام کے حق میں ہیں اور پرائیوٹ اسکول مالکان کی من مانی، تعلیم کو مزید مہنگا کرنے کے در پہ ہے اور پرائیوٹ اسکولوں کی ماہانہ یا سالانہ فیسوں کی مد کے علاوہ اضافی رقم کا وصول کرنا غیر قانونی عمل ہے۔

(جاری ہے)

عامرخان نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اسکول مالکان کی جانب سے فیسوں میں غیر قانونی اضافے کے اس عمل کیخلاف قومی وصوبائی اسمبلی میں آواز بلند کرے گی،ہم پیرنٹس ایسوسی ایشن کے ساتھ ہر فورم پر کھڑے ہیں اور ہم اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔