سابق وزیر بلدیات علیم خان اور وزیر جنگلات سبطین خان کی کابینہ میں واپسی کا امکان

اسد کھوکھر کو وزارت اطلاعات کی پیشکش کی گئی لیکن انہوں نے معذرت کرلی اور وہ جنگلات کی وزارت لینے کے خواہاں ہیں، وزیراعلی پنجاب کابینہ سے متعلق اہم فیصلے ایک سے دو روز میں کرلیں گے

پیر 23 ستمبر 2019 22:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2019ء) سابق وزیر بلدیات علیم خان اور وزیر جنگلات سبطین خان کی کابینہ میں واپسی کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق پنجاب کابینہ میں تبدیلی کے حوالے سے رواں ہفتہ اہم ہے اور اس سلسلے میں بڑے فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع نے بتایا کہ علیم خان کی کابینہ میں واپسی کا فیصلہ ہوچکا اور انہیں بلدیات اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کا محکمہ دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ سبطین خان کی بھی واپسی کی صورت میں انہیں جنگلات کی وزارت واپس دے دی جائے گی جبکہ اسد کھوکھر کو کون سی وزارت دینی ہے اس کا فیصلہ آج ہوگا۔ذرائع کے مطابق اسد کھوکھر کو وزارت اطلاعات کی پیشکش کی گئی لیکن انہوں نے معذرت کرلی اور وہ جنگلات کی وزارت لینے کے خواہاں ہیں۔اسد کھوکھر نے دو روز قبل وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات میں جنگلات کی وزارت کی خواہش کی اظہار کیا تھا۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب کابینہ سے متعلق اہم فیصلے ایک سے دو روز میں کرلیں گے۔