Live Updates

اہلخانہ ساڑھے 3سال سے براہ راست عافیہ تک رسائی سے محروم ہیں: ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

ہفتہ 28 ستمبر 2019 17:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2019ء) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے یونیسکو کو عالمی نگرانی کے نامزد کیا ہے کہ تمام ممالک کوملکی قانون سازی اور بین الاقوامی معاہدوں کے مطابق معلومات تک عوام کی رسائی کو یقینی بنانا چاہئے اور بنیادی آزادیوں کا تحفظ کرنا چاہئے۔

اقوام متحدہ نے یونیسکو کو نگرانی کے نتائج پر تبادلہ خیال اور معلومات تک رسائی کے معاملہ میں اقدامات کی پیشرفت سے آگاہ کرنے کا بھی کہا ہے۔’’معلومات تک عالمی رسائی کے بین الاقوامی دن‘‘ کے موقع پر عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ جب قوانین کی خلاف ورزی حکومتوں کی جانب سے ہو تو عافیہ جیسا ’’انسانی المیہ‘‘ جنم لیتا ہے۔

(جاری ہے)

انفرادی زیادتیوں پر خاموشی قومی المیہ جنم دینے کا باعث بنتی ہے۔عافیہ کے معاملے میں امریکہ اور پاکستان دونوں حکومتوں سے ملکی اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں ہوئی ہیں لہٰذا دونوں حکومتیں اس زیادتی کے ازالے کیلئے عافیہ کی جلد رہائی کیلئے مل کر اقدامات کریں۔ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر انسانیت اور انصاف کے علمبردار عافیہ کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں کیونکہ کسی انسان کو 17 سال جرم بے گناہی کی پاداش میں قید میں رکھنا ایسا شرمناک فعل ہے جس کا فوری خاتمہ ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عافیہ گذشتہ ساڑھے 3 سال سے اپنی ضعیف و علیل والدہ عصمت صدیقی ، بچوں اور اہلخانہ سے ٹیلی فون رابطہ سے محروم کردی گئی ہے اور گذشتہ 6 ماہ سے قونصل رسائی سے بھی محروم ہے۔ پاکستانی قونصلیٹ کی جانب سے ملاقات کی وزارت خارجہ کو ارسال کی گئی سابقہ رپورٹ کی معلومات اب تک قوم اور عافیہ کے اہل خانہ کو فراہم نہیں کی گئی ہے۔

عافیہ موومنٹ کی جانب سے صدرمملکت، وزیراعظم، وزارت خارجہ، داخلہ اور حقوق انسانی کے دفاتر سے بار بار خطوط،ٹیلی فون، فیکس اور ای میل کے ذریعے رابطہ کے باوجود کوئی جواب اور معلومات عافیہ کے اہلخانہ حاصل نہیں کر سکے ہیں۔ ان تمام زمینی حقائق کے باوجود عافیہ موومنٹ امید کرتی ہے کہ ’’وزیراعظم عمران خان عافیہ کی وطن واپسی کا وعدہ ‘‘ جلد پورا کریں گے اور ان کی کابینہ، معاونین اور ادارے قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کے دینی ، قومی اور آئینی فریضہ کی ادائیگی میں کسی قسم کی کوتاہی اور غفلت نہیں برتیں گے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات