پشاور اور دیگر اضلاع میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کی ہڑتال ساتویں روز بھی جاری

منگل 1 اکتوبر 2019 11:53

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2019ء) صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت مختلف اضلاع میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کی ہڑتال ساتویں روز بھی جاری رہی‘ منگل کے روز ڈاکٹروں اور طبی عملے نے مختلف سرکاری ہسپتالوں میں اوپی ڈیز کو بند رکھا اور دیگر فرائض کی ادائیگی کا بھی بائیکاٹ کیا‘ اس دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے تمام تر دبائو کے باوجود ان کی ہڑتال جاری ہے‘ اور یہ ہڑتال مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی‘ اور اگر مطالبات جلد تسلیم نہیں کیے جاتے تو ہڑتال میں مزید شدت لائی جائیگی‘ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گرینڈ ہیلتھ الائنس صوبائی اسمبلی سے حال ہی میں منظور ہونے والے ہیلتھ ایکٹ کی واپسی کا مطالبہ کررہاہے‘ جس کے تحت بی ایچ یوز ‘ آر ایچ سیزا ور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتالوں میں اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کی گئی ہے‘ علاوہ ازیں گرینڈ ہیلتھ الائنس ان ڈاکٹروں اور طبی عملے کی رہائی کا بھی مطالبہ کررہاہے جنہیں حالیہ احتجاج کے دوران گرفتار کیاگیاہے‘ اس کے ساتھ ساتھ الائنس نے کئی دیگر مطالبات بھی حکومت کے سامنے رکھے ہیں‘تاہم صوبائی حکومت کا موقف ہے کہ وہ مذکورہ ہیلتھ ایکٹ کسی صورت واپس نہیں لے گی ‘ کیونکہ محکمہ صحت اور خصوصاً سرکاری ہسپتالوں میں عوامی مفاد کے تابع اصلاحات پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کا ایجنڈا ہے‘ جس کی تکمیل اس کی ذمہ داری ہے ‘صوبائی حکومت کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ گرینڈ ہیلتھ الائنس کے دبائو میں نہیں آئیگی البتہ اگر بات چیت کے ذریعے کچھ مطالبات کے حوالے سے اتفاق رائے ممکن ہو تو اس کیلئے حکومت تیار ہے۔