بھارت کا رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ، شدید گولہ باری

آزاد کشمیر کی وادی نیلم کی شہری آبادی پر شدید شیلنگ کے نتیجے میں متعدد مکان تباہ، شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات

muhammad ali محمد علی بدھ 2 اکتوبر 2019 23:15

بھارت کا رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ، شدید گولہ باری
وادی نیلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اکتوبر2019ء) بھارت کا رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ، شدید گولہ باری، آزاد کشمیر کی وادی نیلم کی شہری آبادی پر شدید شیلنگ کے نتیجے میں متعدد مکان تباہ، شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ایک مرتبہ پھر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ بدھ کے روز بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے وادی نیلم سیکٹر کو بھاری گولہ باری کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی کو شدید گولہ باری کا نشانہ بنایا گیا ہے جس سے کئی مکان تباہ ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ بھارتی فوج کی شیلنگ کے باعث کئی شہری شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

مزید بتایا گیا ہے کہ بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کے بعد پاک فوج کی جانب سے بھی بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دیا گیا ہے۔

بھارتی فوج کی جانب سے گزشتہ کافی عرصے سے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ خاص کر 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی و خود مختار حیثیت ختم کیے جانے کے اقدام کے بعد سے سرحد پر بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ 2 ماہ کے دوران لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری پر ہونے والی جھڑپوں کے دوران کئی شہری اور پاکستانی فوجی شہید ہوئے۔ جبکہ پاک فوج کی جوابی کاروائیوں میں بھی بڑے پیمانے پر بھارتی فوجی جہنم واصل ہوئے اور چیک پوسٹیں تباہ کی گئیں۔ پاک فوج کی جوابی کاروائیوں میں بھارتی فوج کا ہونے والا نقصان کہیں زیادہ رہا۔