Live Updates

سابق بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ نے پاکستان کی دعوت قبول کر لی

منموہن سنگھ کرتار پور راہداری کی افتتاحہی تقریب میں شرکت کریں گے ۔ بھارتی میڈیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 3 اکتوبر 2019 13:49

سابق بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ نے پاکستان کی دعوت قبول کر لی
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03 اکتوبر 2019ء) : سابق بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ نے پاکستان کی دعوت قبول کر لی۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کے سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے پاکستان کی جانب سے دی جانے والی دعوت قبول کر لی ہے جس کے تحت اب منموہن سنگھ کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ سابق بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ 9 نومبر کو کرتارپورکا دورہ کریں گے۔

کرتارپورراہداری کا افتتاح 9 نومبر کو باباگورونانک کے550 ویں جنم دن پر ہوگا۔ یاد رہے کہ پاکستان نے کرتاپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں سابق بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ کو دعوت دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ سابق بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ کو تحریری طور پر دعوت نامہ بھجوائیں گے۔

(جاری ہے)

منموہن سنگھ کو دعوت دینے کا فیصلہ مشاورت کے بعد کیا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا تھا کہ کرتاپور راہداری کی افتتاحی تقریب بہت بڑی تقریب ہے اور ہم اس افتتاحی تقریب کے لیے بہت خوش ہیں۔ کرتاپور راہداری کی افتتاحی تقریب کے لیے پوری تیاری کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان بھی اس تقریب کے حوالے سے دلچسپی لے رہے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ منموہن سنگھ سکھ برادری کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ہم کرتاپور کی افتتاحی تقریب کے لیے سکھ برادری کے منتظر ہیں۔

جس کے بعد یکم اکتوبر کو بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے ترجمان کا بیان سامنے آیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کو پاکستان کی طرف سے کرتاپور راہداری کی افتتاحی تقریب کا دعوت نامہ موصول نہیں ہوا۔ ترجمان نے کہا تھا کہ پاکستان کی جانب سے منموہن سنگھ کو دعوت نامہ ملا تو اس وقت دیکھ کر فیصلہ کریں گے تاہم ان کے دورہ پاکستان کا امکان نہیں ہے ۔ تاہم اب بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب کے لیے پاکستان کی جانب سے دی جانے والی دعوت قبول کر لی ہے البتہ منموہن سنگھ کے دورہ پاکستان کی تفصیلات آنا ابھی باقی ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات