Live Updates

چودھری سرور اور جہانگیر ترین سے اختلافات ختم ہو گئے ہیں

اب دونوں کے لیے میرا دل صاف ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 12 اکتوبر 2019 10:37

چودھری سرور اور جہانگیر ترین سے اختلافات ختم ہو گئے ہیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 اکتوبر 2019ء) : وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جہانگیر ترین اور چودھری سرور کے مابین اختلافات ختم ہو گئے ہیں۔ ملتان میں ورکرز کنونشن سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں حج پر جانے سے قبل جہانگیر ترین اور چودھری سرور سے مل کر گیا تھا ور اب دونوں کے لیے دل صاف ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میں اللہ کو گواہ بنا کر کہہ رہا ہوں کہ میرے دل میں کسی کے لیے میل نہیں ہے۔

حج پر جانے سے قبل جہانگیر ترین سے کہا تھا کہ آج آپ سے جو بھی عداوت تھی ختم کرکے جارہا ہوں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کو مخلص اور متحد ساتھیوں کی ضرورت ہے۔ خیال رہے کہ ماضی میں بھی پاکستان تحریک انصاف میں گروپ بندی کی خبریں گردش کرتی رہی ہیں جس کی متعدد مرتبہ تردید بھی آچکی ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کے مابین اختلافات کی کئی خبریں بھی سامنے آتی رہی تھیں اور کہا جا رہا تھا کہ دونوں رہنماؤں میں شدید اختلافات ہیں جس کی وجہ سے پارٹی میں بھی جہانگیر ترین اور شاہ محمود گروپ بن چکا ہے۔

پارٹی میں گروپ بندی سے تنگ آکر پی ٹی آئی نے ایک ڈسپلنری کمیٹی بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا۔ یہ بھی اطلاع سامنے آئی تھی کہ جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی دونوں ہی پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے اُمیدوار تھے جس کے لیے دونوں رہنماؤں کے گروپس نے اپنے اپنے طور پر مہم بھی چلانا شروع کر دی تھی لیکن جہانگیر ترین عدالت عظمیٰ سے نا اہل ہو گئے جس کے بعد شاہ محمود قریشی کو بھی صوبائی نشست پر شکست کا سامنا ہوا اور وہ قومی اسمبلی کی نشست پر الیکشن میں کامیاب قرار پائے جس کے بعد انہیں وزارت خارجہ کا وزیر بنا دیا گیا۔  
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات