Live Updates

امتیاز حسین کی زیر صدارت ایف پی سی سی آئی کی پاکستان یوایس اے بزنس کونسل کا اجلاس

پاکستانی ایکسپورٹرز کیلئے امریکہ میں کاروبار کے بے شمار مواقع موجود ہیں، چیئرمین امتیاز حسین فیڈریشن ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں ایف پی سی سی آئی کے صدر انجینئر دارو خان، نائب صدر مرزا اختیار بیگ اور نائب صدر مسلم محمدی کی خصوصی شرکت

اتوار 13 اکتوبر 2019 17:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2019ء) پاکستان یو ایس اے بزنس کونسل کے چیئرمین امتیازحسین نے کہا ہے کہ امریکی منڈیاں پاکستانی ایکسپورٹرز کی منتظر ہیں،بھارت، چین اور ترکی کے خصوصی اسٹیٹس کے خاتمے کے بعد پاکستانی ایکسپورٹرز کیلئے امریکہ میں ایکسپورٹ کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیڈریشن ہاؤس میں پاکستان یو ایس اے بزنس کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں کچھ دیر کے لئے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI)کے صدر انجینئر دارو خان، نائب صدر مرزا اختیار بیگ اور نائب صدر مسلم محمدی نے خصوصی طور پر شرکت کی اور اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ ابھی پاکستان چائنا بزنس کونسل کا اجلاس بھی منعقد ہورہا ہے جس میں CPECسے متعلق سینیٹ کی کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر بابر کوڈا خصوصی شرکت کررہے ہیں اس موقع پر پاکستان یو ایس اے بزنس کونسل کے چیئرمین امتیاز حسین نے معزز مہمانوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے اورممبران کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کرنے پر خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

بعدازاں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان یو ایس اے بزنس کونسل کے چیئرمین امتیاز حسین نے پاک امریکہ تجارتی سرگرمیوں کے حوالے سے کونسل ممبران کو تفصیلات بتائیں اور امریکی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات پہنچانے کے لئے مختلف تجاویز پیش کیںاور بزنس کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کی روشنی میں امریکی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات پہنچانے کیلئے کوششیں کریں کیونکہ وزیر اعظم نے امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات میں یہی کہا تھا کہ پاکستان ٹریڈ چاہتا ہے ایڈ نہیں۔

اس موقع پر کونسل اجلاس میں موجود امریکہ ، پاکستان بزنس ڈویلپمنٹ فورم کے مرکزی سیکریٹری جنرل سید ناصر وجاہت نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا وہ آج صبح ہی امریکہ سے واپس پہنچے ہیںامریکی قونصلیٹ کراچی کے کمرشل اتاشی تاشفین مہدی پاکستان کی کاروباری برادری کا وفد لے کر امریکہ گئے تھے جہاں کاروباری مواقعوں کے حوالے سے مختلف کانفرنسز منعقد کی گئی تھیں۔

سید ناصر وجاہت نے کہا کہ حالیہ دورہ امریکہ کے بعد ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستانی بزنس کمیونٹی کیلئے امریکہ میں وفود لے جانے، کانفرنسز منعقد کرنے کے ساتھ ساتھ ایکسپو کا انعقاد بھی کیا جائے یہی وجہ ہے کہ امریکہ ، پاکستان بزنس ڈویلپمنٹ فورم نے سہارا میڈیا کارپوریشن (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے اشتراک سے امریکہ شہر ہوسٹن میں ایکسپو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی ابتدائی تاریخیں جنوری کے ابتدائی ہفتے کی مقرر کی گئی ہیں لیکن بزنس کمیونٹی کے دوستوں کی جانب سے مشورہ ہے کہ ایکسپو کی تاریخ میں تبدیلی کی جائے اور جنوری کی بجائے مارچ 2020ء میں ایکسپو کا انعقاد کیا جائے۔

پاکستان یو ایس اے بزنس کونسل کے چیئرمین امتیاز حسین نے امریکہ ، پاکستان بزنس ڈویلپمنٹ فورم اور سہارا میڈیا کارپوریشن (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے اشتراک سے منعقد ہونے والی ایکسپو کی تاریخ میں توسیع کرنے کی کونسل ممبران کی مشاورت سے تجویز پیش کی کہ 27-28-29 مارچ 2020 کو ایکسپو منعقد کی جائے جسے ایکسپو کے پاکستان میں موجود منتظمین نے سراہا اور امریکہ میں موجود منتظمین سے مشاورت کے بعد مجوزہ تاریخوں کا اعلان کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ آخر میں پاکستان یو ایس اے بزنس کونسل کے چیئرمین امتیازحسین نے ممبران کی جانب سے اجلاس میں بھرپور شرکت پر خصوصی شکریہ ادا کیا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات