یہ مصلحت کا نہیں حق منوانے کا وقت ہے، نوازشریف

اپنے ووٹ کی عزت بحال کرنے کا وقت ہے، ن لیگی رہنماء اور تمام کارکن آزادی مارچ کو کامیاب بنائیں، یہ کھڑا رہنے کا وقت ہے۔ قائد ن لیگ اور سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کے خط کا متن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 13 اکتوبر 2019 21:47

یہ مصلحت کا نہیں حق منوانے کا وقت ہے، نوازشریف
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 اکتوبر2019ء) مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ یہ مصلحت کا نہیں حق منوانے کا وقت ہے،اپنے ووٹ کی عزت بحال کرنے کا وقت ہے،ن لیگ کے رہنماء اور کارکن آزادی مارچ کو کامیاب بنائیں،یہ کھڑا رہنے کا وقت ہے۔قائد ن لیگ اورسابق وزیر اعظم نوازشریف کے خط کے متن کے مطابق قائد ن لیگ نوازشریف نے پارٹی صدر شہباز شریف کو ہدایت کی ہے کہ آپ جامع پروگرام ترتیب دے کرباقاعدہ اعلان کریں۔

ن لیگ کے رہنماء اور کارکن آزادی مارچ کو کامیاب بنائیں۔نوازشریف نے کہا کہ یہ کھڑا ہونے کا وقت ہے۔ ہر مصلحت کو ایک طرف رکھ کراپنا حق منوانے کا وقت ہے۔اب اپنے ووٹ کی عزت بحال کرنے کا وقت ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کا وفد جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ سے ملاقات کیلئے ان کی رہائش گاہ پہنچ گیا ہے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں قائد ن لیگ نوازشریف کے خط کی روشنی میں آزادی مارچ سے متعلق ملکر لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔

ملاقات کے بعد دونوں پارٹیوں کی قیادت پریس کانفرنس کریں گے۔ مسلم لیگ(ن) کے صدر قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کیلئے تین رکنی وفد تشکیل دے دیا۔ وفد کی قیادت پارٹی سیکرٹری جنرل احسن اقبال کریں گے۔ وفد میں انجینئر امیرمقام اور مریم اورنگزیب بھی شامل ہیں۔ مزید برآں جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پشاور میں جے یو آئی کے سکیورٹی رضاروں سے خطاب کے دوران کہا کہ ہم نے ہمیشہ آئین و قانون کا ساتھ دیا ہے اور آج بھی آئین کے ساتھ کھڑے ہیں، ملک کے تمام ادارے اگر آئین کی پاسداری کریں گے تو پھر کوئی جھگڑا نہیں ہوگا، ہمارے مینڈیٹ پر جو ڈاکہ ڈالے گا اس کے خلاف جدوجہد کریں گے۔

کچھ لوگ ہمیں دھمکیاں دے رہے ہیں، ہم پر امن لوگ ہیں ہمیں نہ چھیڑا جائے، اگر ہمیں چھیڑا گیا تو پھر آپ گھروں میں بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔