امریکی انتظامیہ مقبوضہ کشمیر میں جاری سخت ترین کریک ڈائون کے خاتمے کے لیے بھارت پر دبائو ڈالے‘بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے ابھرنے والا تاثر جمہوری اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتا‘ واشنگٹن پوسٹ کا ادارایہ

پیر 14 اکتوبر 2019 21:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) بااثر امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے امریکی انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری سخت ترین کریک ڈائون کے خاتمے کے لیے بھارت پر دبائو ڈالے۔واشنگٹن پوسٹ نے اپنے ایک اداریہ میں کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے ابھرنے والا تاثر جمہوری اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتا۔

(جاری ہے)

اخبار نے لکھا ہے کہ بھارت امریکہ کا قریبی اتحادی بن گیا ہے اس لیے یہ ضروری ہے کہ وہ نریندر مودی کو مقبوضہ کشمیر میں تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی سمیت کریک ڈائون کے خاتمے پر مجبور کرے۔ واشنگٹن پوسٹ کے اداراتی بورڈ سمیت دیگر امریکی اشاعتی اداروں نے بھارتی وزیراعظم مودی کا مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے غیر قانونی اقدام کی پرزور مذمت کی۔ اداریے میں کہا گیا ہے کہ پانچ اگست کے بعد کئے جانے والے اقدامات، جن کو بھارت عارضی قرار دے رہا ہے، بدستور برقرار ہے، ان اقدامات کے نتیجہ میں کسی چارج کے بغیر ہزاروں کشمیری سیاسی قائدین اور دیگر معروف شخصیات کو زیر حراست رکھا گیا ہے جبکہ انٹرنیٹ اور ٹیلی فون سروسز بھی معطل ہیں۔