Live Updates

وزیراعظم عمران خان پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے کوشاں ہیں

جہاں اقلیتوں کے ساتھ مثالی حسن سلوک کیا جائے گا، وزیراعظم جو بات کہتے ہیں اس میں عمل کرنے کی شدید خواہش کی عکاسی ہوتی ہے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا قومی بین المذاہب امن کانفرنس سے خطاب

منگل 15 اکتوبر 2019 23:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے معاشرے میں امن، انصاف اور رواداری کے قیام کے لئے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے کوشاں ہیں جہاں اقلیتوں کے ساتھ مثالی حسن سلوک کیا جائے گا۔

وہ منگل کو یہاں قومی بین المذاہب امن کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ مذاہب کے مابین ہم آہنگی پیدا کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے، اس حوالے سے کی جانے والی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تاریخ انصاف، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کی مثالوں سے بھری ہے، دین اسلام پر امن معاشرے کے فروغ کی تلقین کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے حکومت بناتے وقت کہا تھا کہ وہ دنیا کو بتائیں گے کہ اقلیتوں کے ساتھ کیسا سلوک کیا جائے گا، یہ ایک عظیم وعدہ ہے اور میں اسے بڑی اہمیت دیتا ہوں۔ وزیراعظم جو بات کہتے ہیں اس میں عمل کرنے کی شدید خواہش کی عکاسی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 35 لاکھ افغان مہاجرین کو پناہ دی لیکن آج تک ہمارے ہاں کبھی اس کے خلاف کوئی آواز نہیں اٹھی، اس تناظر میں جب دوسری جانب دیکھا جائے تو ہمیں رحمدلی، ہمدردی اور انسانیت کا درس دینے والے مغرب نے اپنے ہاں مہاجرین کو آنے سے روک دیا اور ان کی حالت زار دیکھنے کے باوجود ان کے لئے دیواریں کھڑی کر دیں، یہ طرز عمل انسانیت کے لئے افسوسناک ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ مجھے اس کانفرنس کے انعقاد سے خوشی ہوئی ہے، ایسی کانفرنسوں کے ذریعے بین المذاہب اعتبار سے یہ بات ہونی چاہیے کہ دنیا کے ہر مذہب نے انسانیت اور معاشرتی اقدار کو بڑی اہمیت دی ہے، اس حوالے سے پوپ کے موقف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف نے معاشرے میں انصاف، مساوات اور رواداری کی اعلیٰ ترین مثالیں قائم کیں، آج ان کی پیروی کرتے ہوئے معاشرے میں بین المذاہب امن و ہم آہنگی کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر پیر نور الحق قادری نے کہا کہ اسلام امن کا مذہب ہے اور فروغ امن کے لئے جو بھی کوششیں کی جائیں، انہیں سراہا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ علماء و مشائخ کا کام لوگوں کو جوڑنا اور آپس میں محبت و رابطوں کو بڑھانا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا آئین و قانون اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا ذمہ دار ہے، آج کا پاکستان جو ریاست مدینہ کی طرف بڑھ رہا ہے اس کی اس حوالے سے ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات