اگلے چار برسوں کے دوران زراعت کی ترقی کیلئے 85 ارب روپے کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے، محب اللہ خان

بدھ 16 اکتوبر 2019 17:10

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) خیبرپختونخوا کے وزیر زراعت و لائیو سٹاک محب اللہ خان نے کہا ہے کہ شعبہ زراعت و لائیو سٹاک میں عنقریب وزیراعظم پاکستان بڑے بڑے منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور آئندہ چار سالوں میں زراعت کی ترقی کیلئے 85 ارب روپے کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت پی ایس ڈی پی اور اے ڈی پی کے منصوبوں پر عمل درآمد کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ممبر صوبائی اسمبلی اور ڈیڈیک چیئرمین ضلع سوات فضل حکیم خان،سیکرٹری زراعت اسرار خان،وسی زرعی یونیورسٹی پشاور نجت جہان خان،فوکل پرسن محکمہ زراعت ڈاکٹر شیر محمد،سی پی او زراعت اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی سوات اور زرعی تربیتی ادارہ سوات کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے تیزی سے اقدامات جاری ہیں جبکہ نئے شامل ہونے والے اضلاع میں بھی زراعت و لائیوسٹاک کے منصوبوں کا جلد افتتاح کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ منصوبوں کے حوالے سے ہر ہفتے میں اجلاس منعقد کئے جائیں گے اور متعلقہ افسران پیش رفت کے حوالے سے اپنی رپورٹ فراہم کریں گے۔انہوں نے افسران سے کہا کہ زرعی شعبے کی ترقی میں وزیراعظم پاکستان گہری دلچسپی لے رہے ہیںاور صوبے میں وہ خود اس سلسلے میں اٹھائے جانے والے اقدامات کا بغور جائزہ لے رہے ہیں اس لئے کسی بھی قسم کی سستی اور کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔