سندھ ہائی کورٹ نے فلور ملز ملکان کو بقایاجات اور مارک اپ رقم فوری جمع کرانے کا حکم دیدیا

بدھ 16 اکتوبر 2019 18:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2019ء) سندھ ہائیکورٹ نے محکمہ خوراک سے گندم حاصل کرکے 40 کروڑ روپے کی کرپشن سے متعلق فلور ملز ملکان کو بقایاجات اور مارک اپ رقم فوری جمع کرانے کا حکم دیدیا۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں جسٹس عمر سیال پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو محکمہ خوراک سے گندم حاصل کرکے 40 کروڑ روپے کی کرپشن سے متعلق سماعت ہوئی۔

محکمہ فوڈ اور نیب نے عدالت میں میٹنگ کی تفصیلات پیش کردی۔ محکمہ فوڈ افسر نے بتایا کہ محکمہ فوڈ، نیب افسران اور فلور ملز ملکان نے مشاورت سے معاملے کا حل نکالا ہے۔ تمام ملز نے گندم کی رقم واپس کر دی تھی مگر مارک اپ والی رقم جمع نہیں کروائی۔ تمام ملز ملکان کو مارک اپ کی رقم کی تفصیلات سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق تین فلور ملز پر 145،127،861 روپے مارک اپ کی رقم واجب الادا ہیں۔

رانی پور فلور ملز پر 60،100،917 خیر پور فلور ملز پر 56 ،133،682 روپے مارک اپ واجب الادا ہے۔ گوپانگ فلور ملز پر 28،893،262 روپے واجب الادا ہے۔ عدالت نے فلور ملز ملکان کو بقایاجات اور مارک اپ رقم فوری جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ یہ رقم نیب یا عدالت نہیں بلکہ محکمہ فوڈ سندھ کے اکاونٹ میں جمع کرائی جائے۔ درخواستگزار نے وکیل نے موقف دیا کہ ایک دن اتنی رقم جمع کرانا ممکن نہیں۔ ملزمان کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ہمیں جو سرکاری گندم دی گئی تھی اس رقم ہم نے پالیسی کے مطابق 180 دن میں واپس کی تھی۔ نیب افسر نے بتایا کہ فلور ملز والوں نے حکومت سے گندم لے کر غائب کردی۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 23 اکتوبر تک ملتوی کردی۔