ْپولیو کے خاتمہ کیلئے شعورو آگاہی میں صحافیوں کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے، عبدالباسط

جمعرات 17 اکتوبر 2019 16:48

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سنٹر عبد الباسط نے کہا ہے کہ معاشرہ میں پولیو کے خاتمہ کیلئے شعورو آگاہی میں صحافیوںکا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ بچوں کو عمر بھرکی معذوری سے محفوظ رکھنے کیلئے صحافی عوام کو اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکاجات اور انسداد پولیو ویکسین دینے کی اہمیت اورافادیت سے آگاہ کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاورکے صحافیوں کیلئے تربیتی ورکشاپ کے دوران کیا۔ اس موقع پر ٹیکنکل فوکل پرسن ڈاکٹر ندیم جان ،یونیسیف کے ٹیم لیڈ ڈاکٹر اینڈریو ، صوبائی ٹیم لیڈ این سٹاپ ڈاکٹر اعجاز علی شاہ، ای پی آئی اوردیگر معاون اداروں کے حکام نے انسداد پولیو کی کاوشوں کے حوالے سے اظہار خیال کیاجبکہ کمیو نیکیشن ماہریں نے پولیو کے خاتمہ میں میڈیا کے کردار پرتفصیلی پریزنٹیشن پیش کیا ۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ دنیا بھرسے پولیو کا خاتمہ کیا جاچکاہے تاہم بدقسمتی سے پاکستان دنیا کے ان تین ممالک میں شامل ہے جہاں ابھی بھی پولیو وائرس کا خاتمہ ممکن نہ ہوسکا۔ 2019 میں ملک میں پولیو کیسز کی تعداد 72ہوگئی جن میں سے 53کیسز خیبر پختونخوا سے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے تک ہم پولیو کے خلاف جنگ نہیں روکیں گے ہمارا ہدف پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ ہے۔

مقررین نے کہا کہ پولیو ویکسین ہرلحاظ سے محفوظ اور موثر ہے اور اسی ویکسین کے استعمال سے اسلامی ممالک سمیت دنیا بھر سے پولیو کا کامیابی سے خاتمہ کیا جاچکا ہے یہ امرخوش آئند ہے کہ ہمارے ہاں پولیو ویکسینیشن کے حوالے سے گمراہ کن پروپیگنڈا میڈیا کے فعال تعاون سے زائل ہوچکا ہے تاہم ایک صحت مند اورتوانا مستقبل کے لئے پاکستان سے پولیو کامکمل خاتمہ ناگزیر ہے جس کیلئے معاشرہ کے تمام طبقات بالخصوص والدین میں شعور و آگاہی میں ذرائع ابلاغ کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے انسدادپولیو کی ہر مہم میں اپنے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلاکر پولیو وائرس کی مکمل بیخ کنی کریں۔

متعلقہ عنوان :