بھارتی پرواز کو پاکستان کے ایف 16 طیاروں نے گھیر لیا

پاکستانی ایف سولہ طیاروں نے بھارتی پرواز کو ایک گھنٹے تک اپنی فضائی حدود میں روکے رکھا۔ بھارتی ایجنسی کا دعویٰ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 18 اکتوبر 2019 13:36

بھارتی پرواز کو پاکستان کے ایف 16 طیاروں نے گھیر لیا
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اکتوبر 2019ء) : پاکستان کے ایف سولہ طیاروں نے بھارتی پرواز کو اپنے گھیرے میں لے کر ایک گھنٹہ تک روکے رکھا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران گزشتہ ماہ پاکستانی ایف 16 طیاروں نے کابل جانیوالی بھارتی پرواز کو ایک گھنٹے تک اپنی فضائی حدود میں روکے رکھا۔ نیوز ایجنسی کے مطابق یہ واقعہ گذشتہ ماہ 23 ستمبر کو پیش آیا۔

پاکستان کے ایف سولہ طیاروں نے جس بھارتی طیارے کا گھیراؤ کیا تھا اس نے دہلی سے کابل کے لیے اُڑان بھری تھی۔ اس پر 120 مسافر سوار تھے۔ سپائس جیٹ کے کپتان نے ایف 16 طیاروں کے پائلٹس سے کہا کہ یہ سپائس جیٹ بھارتی کمرشل طیارہ ہے جو شیڈول کے مطابق مسافروں کو لے کر کابل جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی طیاروں اور ان کے پائلٹوں کو مسافر صاف دیکھ سکتے تھے۔

ایک مسافر نے نیوز ایجنسی کو بتایا کہ پاکستانی فائٹر پائلٹ نے ہاتھ سے سپائس جیٹ کے کپتان کو نیچی پرواز کا اشارہ کیا۔ ذرائع کے مطابق ہر فلائٹ کا کوڈ ہوتا ہے، جیسے سپائس جیٹ کا سی جی ہے۔ ایئر ٹریفک کنٹرول نے غلط فہمی میں سپائس جیٹ کو آئی اے خیال کرتے ہوئے اسے انڈین آرمی یا بھارتی ایئر فورس سمجھا تھا۔ جب پاکستانی ایئر ٹریفک کنٹرول نے رپورٹ دی کہ آئی اے کوڈ کے ساتھ بھارت سے طیارہ آ رہا ہے، اس پر بھارتی طیارے کو روکنے کے لیے فوری طور پر ایف 16 روانہ ہوئے۔

بھارتی نیوز ایجنسی کے مطابق کنفیوژن دور ہونے پر پاکستان کے ایف 16 طیاروں نے بحفاظت سپائس جیٹ افغانستان کی فضائی حدود تک پہنچا دیا۔ مسافروں نے بتایا کہ جب وقت ایف 16 طیارے ان کی پرواز کے گرد اُڑ رہے تھے، تب بھارتی طیارے میں موجود تمام مسافروں کو کھڑکیاں بند کرنے اور خاموش رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔