سندھ میں شوگرملیں 15 نومبر سے چلناشروع ہوجائیں گی ،محمد اسماعیل راہو

گنے کی قیمت فی الحال مقرر نہ ہوسکی،آئندہ اجلاس میں گنے کی قیمت مقرر کی جائے گی،وزیر زراعت سندھ

جمعہ 18 اکتوبر 2019 17:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2019ء) سندھ حکومت کا گنے کی قیمت مقرر کرنے اور شوگر ملیں چلانے کے متعلق اہم اجلاس وزیرزراعت اسماعیل راہو کی صدارت میں ہوا۔اجلاس میں رکن اسمبلی ذوالفقار علی شاہ،سیکریٹری زراعت آغا ظہیر الدین،ڈی جی زراعت ہدایت اللہ چھجڑو،کین کمشنر، پاسما اور کاشتکاروں سمیت اعلیٰ عملداروں نے شرکت کی اور گنے کی قیمت مقرر کرنے سے متعلق افسران،پاسما اور کاشتکاروں کی محمد اسماعیل راہو کو بریفنگ بھی دی۔

وزیر زراعت محمد اسماعیل راہو نے مزید کہا کہ سندھ میں شوگر ملیں 15 نومبر سے چلناشروع ہوجائیں گی۔شوگر ملز ملکان کو احکامات جاری کردیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گنے کی قیمت فی الحال مقرر نہ ہوسکی۔آئندہ اجلاس میں گنے کی قیمت مقرر کی جائے گی۔

(جاری ہے)

گنے کی قیمت کاشتکاروں اورشوگرملزمالکان کی مشاورت سے ہی مقرر ہوگی۔ملک میں مہنگائی ہونے سے گنا بھی کم کاشت ہوا ہے۔

سندھ آبادگار بورڈ کے صدرعبدالمجید نظامانی نے کہا کہ مہنگائی بڑھ گئی اس سال گنے کی کاشت بھی کم ہوئی ہے۔وفاقی حکومت نے چینی کی قیمت بیس روپے تک بڑھادی ہے۔چیمبر آف ایگری کلچر کے رہنما قبول کٹھیان نے کہا کہ ملک کی اکانومی پوری بیٹھ چکی ہے، ڈالر آسمان چھورہا ہے،صنعتکاروں کو پریشانی کا سامنا ہے،گنے کے کاشتکاروں کے کہنے کے مطابق گنے کی قیمت مقرر کی جائے ان کا گزارا ہی اس فصل پر ہوتا ہے۔

آبادگار رہنما زاہد بھرگڑی نے کہا کہ شوگر ملز مالکان دل بڑا کریں۔ گنے کی قیمت ایسی مقرر کی جائے جس سے کاشتکار کو نقصان نہ ہو۔شوگرملزمالکان نے کہا کہ مشاورت کا وقت دیا جائے آئندہ اجلاس میں گنے کی قیمت مقرر کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔وفاقی حکومت نے گنے سے زائد چینی پر سیلز ٹیکس بڑھادی ہے۔سندھ حکومت سپورٹ نہ کرتی تو آج صوبے کی صنعتیں بند ہوتیں ۔