لاہور: گٹکے اور چھالیے پر پابندی لگانے اور قانون سازی کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

جمعہ 18 اکتوبر 2019 23:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اکتوبر2019ء) گٹکے اور چھالیے پر پابندی لگانے اور قانون سازی کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع،قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن اسوہ آفتاب کی جانب سے جمع کرائی گئی۔پاکستان میں منہ کا کینسر 43 فیصد سے تجاوز کر چکا ہے۔ جس کی بنیادی وجہ گٹکا، چھالیہ، نسوارہیں۔پاکستان میں ہرسال منہ سمیت دیگرکینسر سے 14لاکھ سے زائد افرادکینسر جسے موذی مرض کا شکار ہوجاتے ہیں۔

(جاری ہے)

گٹکے میں شامل زہریلے اجزاء سے حلق ،پھیپڑوں،گردوں اور پروسٹیٹ کے سرطان میں تشویشناک حد تک اضافہ ہورہا ہے۔ پان، چھالیہ، گٹکے اورسگریٹ نوشی کے استعمال سے یہ مرض 14 سے 15 سال کے نوجوانوں میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔لہذا پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان وفاقی اور تمام صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ گٹکا اور چھالیہ پر مکمل پابندی لگائی جائے۔گٹکے اور چھالیے کے استعمال سے نوجوان اپنی زندگیاں تباہ کررہے ہیں۔وفاقی اور صوبائی حکومتیں گٹکے اور چھالیے کے حوالے سے فوری قانون سازی کریں۔