فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ فائونڈیشن سیکٹر جی 13 میں 3پارکوں کی کنسٹرکشن اور ڈویلپمنٹ کریگا

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 00:07

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2019ء) وزرات ہائوسنگ اینڈ ورکس کا ذیلی ادارہ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ فائونڈیشن وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر جی 13 میں 3پارکوں کی کنسٹرکشن اور ڈویلپمنٹ کرے گا جن پر لاگت کا اندازہ تقریباً 2 کروڑ 19لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ فائونڈیشن کے ذرائع کے مطابق ان 3 پارکوں میں سے ایک پارک جو سیکٹر جی 13/1 میں بنایا جائیگا، اس پر 76 لاکھ روپے کی لاگت کا تخیمنہ لگایاگیاہے جبکہ دوسرا پارک جو سیکٹر جی 13/3میں بنایا جائے گا، اس پارک پر لاگت کا تخمینہ تقریباً 85 لاکھ روپے لگایا گیاہے اور اسی طرح سیکٹر جی 13/4میں جو پارک بنایاجائیگا اس پارک بنانے پر مجموعی لاگت کا تخمینہ تقریباً 58 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔

فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ فائونڈیشن کے ذرائع نے بتایا کہ ان پارکوں کا مقصد سیکٹر جی 13 کے رہائشیوں کو پارکوں کی شکل میں ایک انسان دوست ماحول فراہم کرنا ہے اور ان پارکوں میں وہ ساری سہولتیں ہونگی جوکہ ایک اچھے پارک میں ہونی چاہئیں، خاص طورپر بچوں کیلئے بھی ان پارکوں میں ان کی دلچسپی اور کھیلنے کی چیزیں ہونگی۔