Live Updates

اسد عمر کو وفاقی وزیر کا عہدہ اور بڑی ذمہ داری دئے جانے کا فیصلہ

سینئیر صحافی و تجزیہ کار صابر شاکر نے بڑا دعویٰ کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 19 اکتوبر 2019 15:02

اسد عمر کو وفاقی وزیر کا عہدہ اور بڑی ذمہ داری دئے جانے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 اکتوبر 2019ء) : سینئیر صحافی و تجزیہ کار صابر شاکر کا کہنا ہے کہ کابینہ کو لے کر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں شرمندہ ہو رہا ہوں۔ انہوں نے اپنے چند قریبی لوگوں سے کہا کہ مجھے جو ٹیم ملی ہے اس کی وجہ سے میں بہت شرمندہ ہوں۔ میری ٹیم کے لوگ آپس میں ہی ایک دوسرے کو گندہ کر رہے ہیں، سب لوگ ذاتی ایجنڈے پر لگے ہوئے ہیں ان کو کوئی فکر نہیں ہے کہ پی ٹی آئی کس مقصد کے لیےاقتدار میں آئی تھی ، ان کو کوئی فکر نہیں کہ عوام نے تمام چھوٹی بڑی سیاسی جماعتوں کو مسترد کر کے کیوں پی ٹی آئی پر اعتماد کیا تھا۔

صابر شاکر نے بتایا کہ اسی شرمندگی کے ہاتھوں مجبورہونے کی وجہ سے اب اسد عمر کو کابینہ میں مرکزی کردار ملنے والا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسد عمر کو وفاقی وزیر کے ساتھ ایک اور بڑا عہدہ بھی دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ہو سکتا ہے کہ انہیں وزارتوں پر نظر رکھنے اور ان کی کارکردگی کی نگرانی کرنے کا کہا جائے جس کے بعد اسد عمر کچھ وزارتوں کی براہ راست نگرانی کرنے کی ذمہ داری بھی نبھانا شروع ہو جائیں۔

انہوں نے کہا کہ چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا اسکینڈل آنے والا ہے ۔ ہر انسان کی طرح سرکاری عہدوں پر فائز شخصیات کی بھی کوئی نہ کوئی کمزوری ضرور ہو تی ہے ۔ ابھی تک چئیرمین نیب کی کرپشن کے بارے میں ایسی کوئی چیز منظر عام پر نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ چئیرمین نیب کو پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے مقرر کیا تھا اور یہ سوچ کر مقرر کیا تھا کہ وہ ان کے خلاف مقدمات میں لچک دکھائیں گے اور معاملات سنبھال لیں گے۔ لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا یہی وجہ ہے کہ اب جج ارشد ملک کے بعد چئیرمین نیب پر چڑھائی کی جائے گی اور ان کا ایک اسکینڈل سامنے لایا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات