Live Updates

تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر کا پارٹی کی مرکزی اور ریجنل تنظیموں میں اہم تقرریوں کا اعلان

منگل 22 اکتوبر 2019 17:00

تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر کا پارٹی کی مرکزی اور ریجنل تنظیموں میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے پارٹی کی مرکزی اور ریجنل تنظیموں میں اہم تقرریوں کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی منظوری سے مرکزی اور شمالی پنجاب کی گورننگ باڈیز کا بھی اعلان کیا گیا۔ منگل کو پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے تقرریوں کا باضابطہ اعلان کیا۔

چوہدری محمد اشفاق کو پارٹی کا مرکزی نائب صدر جبکہ رکن قومی اسمبلی شیر علی ارباب کو مرکزی ایڈشنل سیکرٹری جنرل مقرر کیا گیا ہے۔ اعجاز احمد چوہدری مرکزی پنجاب میں بطور صدر قیادت کریں گے۔ شمالی پنجاب کی ذمہ داریاں رکن قومی اسمبلی صداقت علی عباسی کے سپرد کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

محمد شعیب صدیقی کو مرکزی پنجاب کا جنرل سیکرٹری تعینات کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر حسن مسعود ملک کو شمالی پنجاب میں جنرل سیکرٹری، عثمان سعید بسرا کو مرکزی پنجاب کا سیکرٹری اطلاعات جبکہ انجینئر افتخار احمد چوہدری شمالی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات کے طور پر فرائض سرانجام دیں گے۔ علی امتیاز وڑائچ سینئر نائب صدر مرکزی پنجاب اور شمالی پنجاب میں سینئر نائب صدر کا عہدہ انجینئر عطاء اللہ خان شادی خیل سنبھالیں گے۔

میجر غلام سرور اور شبیر سیال کو مرکزی پنجاب کی گورننگ باڈی میں بطور نائب صدور، بریگیڈیئر ممتاز کاہلوں اور یاسر بلوچ شمالی پنجاب کیلئے بطور نائب صدور نامزد کئے گئے ہیں۔ ندیم افضل بنٹی شمالی پنجاب جبکہ ندیم قادر بھنڈر مرکزی پنجاب میں ایڈیشنل جنرل سیکرٹری کے طور پر فرائض سرانجام دیں گے۔ رانا ندیم احمد، ڈاکٹر طاہر علی جاوید اور شکیل احمد خان نیازی مرکزی پنجاب میں بالترتیب ڈپٹی جنرل سیکرٹری لاہور ڈویژن، گوجرانوالہ ڈویژن اور ساہیوال ڈویژن ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

شمالی پنجاب کیلئے محمد عارف عباسی، جاوید نیاز منجھ اور چوہدری ممتاز کاہلوں بالترتیب راولپنڈی، فیصل آباد اور سرگودہا ڈویژن کیلئے ڈپٹی جنرل سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔ رفعت زیدی شمالی پنجاب جبکہ حافظ عبیداللہ مرکزی پنجاب کے سیکرٹری مالیات کے طور پر فرائض سرانجام دیں گے۔ چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے نومنتخب ذمہ داران کیلئے نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات