کراچی میں اسٹیٹ لائف کے ڈپٹی مینجر نے اپنے دفتر سے چھلانگ لگا کر خود کُشی کر لی

ظفر اقبال کے خلاف انکوائری چل رہی تھی جس کی وجہ سے وہ ذہنی دباؤ میں تھے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 23 اکتوبر 2019 13:28

کراچی میں اسٹیٹ لائف کے ڈپٹی مینجر نے اپنے دفتر سے چھلانگ لگا کر خود ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اکتوبر 2019ء) : کراچی میں اسٹیٹ لائف کے ڈپٹی مینجر نے اپنے دفتر سے چھلانگ لگا کر خودکُشی کر لی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع اسٹیٹ لائف بلڈنگ کی 11 ویں منزل سے چھلانگ لگا کر ایک شخص نے خود کشی کی۔ خود کُشی کرنے والے کی شناخت 55 سالہ ظفر اقبال کے نام سے کر لی گئی جو اسٹیٹ لائف میں ڈپٹی منیجر ایجنسی اینڈ ایڈمنسٹریشن تھے۔

اس حوالے سے پولیس نے بتایا کہ ظفر اقبال کے خلاف کچھ انکوائری چل رہی تھی جس کی وجہ سے وہ ذہنی دباؤ کا شکار تھے۔ ظفر اقبال لیاری کے رہائشی تھے۔ پولیس نے ظفر اقبال کی لاش کو پوسٹمارٹم کے لیے سول اسپتال منتقل کرد یا ہے جہاں ضابطے کی کارروائی کے بعد ان کی لاش کو لواحقین کے حوالے کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ابتدائی طور پر خود کُشی کا ہی معلوم ہوتا ہے البتہ پوسٹمارٹم رپورٹ آنے کے بعد صورتحال مزید واضح ہو جائے گی۔

متوفی کے دفتر یا متوفی کی جیب میں سے کوئی نوٹ برآمد نہیں ہوا جس پر اس انتہائی اقدام کی کوئی حتمی وجہ تحریر کی گئی ہو ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ برس بھی ایک سرکاری افسر نے اپنے ہی گھر میں اپنی زندگی کا خاتمہ کر دیا تھا۔ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سہیل احمد ٹیپو کی لاش ان کے کمرے میں پنکھے سے لٹکی ہوئی برآمد ہوئی تھی۔ واضح رہے کہ معاشرے میں عدم برداشت کی وجہ سے آئے روز خود کُشی کے واقعات سننے میں آ رہے ہیں۔ حال ہی میں ایم اے او کالج کے ایک پروفیسر نے بھی طالبہ کی جانب سے ہراسگی کے الزامات جھوٹے ثابت ہونے کے باوجود کالج انتظامیہ کی جانب سے کلئیرنس جاری نہ ہونے پر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا تھا۔