ورلڈ پولیو ڈے ،راولپنڈی چیمبرکے زیر اہتمام آگہی واک

جمعرات 24 اکتوبر 2019 18:11

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2019ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام شہر میں ورلڈ پولیو ڈے کے موقع پر ایک واک کا اہتمام کیا گیا۔ آگاہی واک کا مقصد شہریوں کو پولیو اور ڈینگی سے بچاو کے حوالے سے معلومات اور آگاہی فراہم کرنا تھا۔ کمشنر راولپنڈی ثاقب ظفر ، صدر چیمبر صبور ملک، گروپ لیڈر سہیل الطاف، چیئر مین گلورئیس راولپنڈی اسد مشہدی، انجمن تاجران کے نمائندے شیخ صدیق، ارشد اعوان، محکمہ صحت کے عہدیداران، سکول کالجز کے اساتذہ و طلبا طالبات، عہدیداران و ممبران چیمبر اور سول سو سائٹی نے بھرپور شرکت کی۔

واک گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین سیٹلائٹ ٹاون سے شروع ہوئی اورسکستھ روڈ پر واقع جناح انفارمٹکس کالج برائے کامرس پر ختم ہوئی، واک کے شرکاء نے مختلف پلے کارڈز اور بینرز اٹھارکھے تھے جن پر پولیو اور ڈینگی سے بچاو کے بارے میں احتیاطی تدابیر، خطرات اور اس مرض سے بچنے کے حوالے سے معلومات درج تھیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمشنر راولپنڈی ثاقب ظفر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہر میں ڈینگی کے پھیلاو روکنے اور پولیو کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

واک کے اہتمام پر چیمبر آف کامرس کے مشکور ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آر سی سی آئی مستقبل میں بھی آگہی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے گا ۔ اس موقع پر صدر چیمبرصبور ملک نے کہا کہ یہ ہمارا اپنا شہر ہے۔ ماحول کو صاف رکھ کر ہی ان وبائی امراض سے بچا جا سکتا ہے۔ شہر کو صاف ستھرا، پرکشش بنانے کے ساتھ ساتھ صحت مند معاشرے کی تشکیل دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔

چیمبر پولیو اور ڈینگی کے پھیلاو کو روکنے کے لیے تمام اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔چیئرمین گلورئیس راولپنڈی اسد مشہدی نے کہا کہ منصوبے کے تحت شہر میں عوامی فلاح کے پروگراموں کے تحت آگاہی اور معلومات دینا ہے تاکہ راولپنڈی شہر کو وبائی امراض سے پاک کرنا ہے اور اسے ایک خوبصورت، پرکشش اور سیاحت کا مرکزبنایا جا سکے۔