کشمیری اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں تنہا نہیں، پورا پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے، صوبائی وزیر اوقاف

پاک افواج کو ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کر تے ہیں، پیر سید سعید الحسن شاہ

اتوار 27 اکتوبر 2019 14:40

لاہور۔27 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2019ء) صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے پوری قوم سڑکوں پر ہے، مودی نوشتہ دیوار پڑھ لے،کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، ہمارے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں،کشمیر کی آزادی کی گھڑی آ گئی ہے، پاکستانی قوم نے پیغام دے دیا ہے کہ کشمیری اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں تنہا نہیں ہیں، پورا پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم ہٹ دھرمی چھوڑ کر نوشتہ دیوار پڑھ لے کہ اب وہ زیادہ دیر تک مظلوم کشمیریوں کو ظلم وستم اور جبر سے دبا نہیں سکتا،کشمیرکی آزادی کی گھڑی آن پہنچی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی قابض افواج نے نہتے کشمیریوں پر ظلم وزیادتی اور درندگی کی انتہا کر دی ہے۔

(جاری ہے)

بھارت کی ہٹ دھرمی خطے کے امن کے لئے بھی خطرہ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری بھارتی درندوں کے نہتے کشمیریوں پر مظالم رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق کشمیر کے مسئلہ کو حل کرائے۔

پاک افواج کے جوانوں کو ان کی خدمات پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔ قومی سلامتی کے لئے پاک فوج کی دشمن ملک سے جنگ ا ور اس کے نتیجہ میں شہدا کی قربانیوں کو کبھی بھلایا نہیں جا سکے گا۔وطن پر جان لٹانے کا جذبہ آج بھی د لوں کو گرماتا ہے ۔آج ہماری نئی نسل ہماری فوج اوراپنے اسلاف کی ان قربانیوں سے نا بلد ہے ۔ا ن کو اپنی پاک بھارت جنگ سے آگاہی دینا انتہائی ضروری ہے تاکہ ہماری نئی نسل دشمن کی مکاریوںاور پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں سے مکمل باخبر رہ سکے۔

اس سلسلے میںہمیںاپنی نئی نسل کو با قاعدگی سے 14اگست1947ء یوم پاکستان، بھارت کے ساتھ 6ستمبر 1965 اور دسمبر1971کی جنگوں بارے پاک فوج اور لوگوں کی پاک وطن کی حفاظت کے لئے پیش کی جانے والی قربانیوں بار ے آگاہی دینا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔