ذیابیطس پر قابوپانے کیلئے نوجوان نسل میں آگاہی مہم شروع کرنے کی ضرورت ہے ، پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفریدظفر

منگل 29 اکتوبر 2019 16:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اکتوبر2019ء) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفریدظفر نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی ذیابیطس کی بیماری پر قابوپانے کیلئے ضروری ہے کہ نوجوان نسل میں آگاہی مہم شروع کی جائے اور اس مقصد کیلئے تعلیمی اداروں میں خصوصی سیمینارز کا انعقاد اور وسیع پیمانے پر ذرائع ابلاغ کے ذریعے تشہیر کی جائے تاکہ عام آدمی اپنا لائف سٹائل تبدیل کرے اور صحت مند رہنے کیلئے سیر اور ورزش کو زندگی کا حصہ بنائے،اسی طرح کم کھائیں اور زیادہ پیدل چلیں کے اصول پر زندگی گزاری جائے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنرل ہسپتال کے میڈیکل یونٹ تھری اور شوگر کلینک کے زیر اہتمام ڈاکٹرز کیلئے منعقدہ تربیتی و آگاہی ورکشاپ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا جس میں125ڈاکٹروں نے شرکت کی،سربراہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز پروفیسر خالد محمود ، پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر طاہر صدیق ،پروفیسر آف سرجری پروفیسر فاروق افضل ،پروفیسر آف امراض چشم ڈاکٹر محمد معین ،شوگر سپیشلسٹ ڈاکٹر عمران حسن خان ،ڈاکٹر ملیحہ حمید، ڈاکٹر اورنگ زیب افضل ،ڈاکٹرمیمونہ اشرف ،ڈاکٹررانا آصف صغیر اور ڈاکٹر سلمان شکیل نے شرکاء کو ذیابیطس کی بیماری سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں اور بچاؤ اور مریضوں کے چیک اپ کے بارے میں آگاہ کیاجبکہ شرکاء کو ذیابیطس کے علاج میں دنیا بھر میں ہونے والی تبدیلیوں اور جدید تحقیق کے بارے میں بھی بتایا گیا،ورکشاپ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر اور پروفیسرڈاکٹر خالد محمود کا کہنا تھا کہ اگر ہم ملک کو مضبوط اور مستحکم بنیادوں پر استوار کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں نوجوان نسل کو بیماریوں سے بچانا ہوگا ،والدین کا بھی فرض ہے کہ بچوں کی غذا پر خصوصی توجہ دیں اور بالخصوص بازاری کھانوں اور فاسٹ فوڈ سے اجتناب کریں ، پروفیسر سردار الفرید ظفر نے کہا کہ یہ انتہائی تشویشناک امر ہے کہ ہر چوتھا شخص شوگر کی بیماری میں مبتلا ہے اور یہ مرض تیزی سے پھیل رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر اور پرہیز کے ذریعے ہم شوگر جیسی مہلک مرض سے بچ سکتے ہیں جس کا بلا واسطہ اثر آنکھوں ، گردوں اور دیگر جسمانی اعضاء پر ہوتا ہے ،انہوں نے جنرل ہسپتال میں اس طرز کی تربیتی ورکشاپس کے انعقاد کو سراہا جس سے ڈاکٹروں کو اپنے شعبوں میں مہارت حاصل کرنے کا موقع ملتا ہے،اس موقع پر ڈاکٹر شیراز انجم ، ڈاکٹر عبدالعزیز گجر و دیگر ڈاکٹرز موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :