خصوصی تعلیم کے ادارے بھی انسداد ڈینگی مہم میں اپنا کردار ادا کریں،راشد منصور

جمعرات 31 اکتوبر 2019 21:08

سرگودہا ۔31اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اکتوبر2019ء) سیکرٹری خصوصی تعلیم پنجاب راشد منصور نے ضلع سرگودہا انسداد ڈینگی مہم میں اداروں کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہاہے کہ ادارے اپنے مربوط نظام کے ذریعے ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں تاکہ ڈینگی کے مہلک مرض سے انسانی جانوں کو محفوظ رکھا جاسکے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر کے کانفرنس روم میں انسداد ڈینگی مہم کی ہفتہ وار بریفنگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آسیہ گل ‘ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ر یونیو کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی ‘ سیکرٹری ڈی آر ٹی اے فاروق حیدر عزیز ‘ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ریاض احمد ‘ ڈاکٹر سہیل اصغر قاضی ‘ ڈاکٹر طارق حسن ‘ ڈاکٹر عامر سلیم ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمد حنیف ہنجرا‘سول ڈیفنس آفیسر ثناء اللہ خان ‘ تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر ‘ ڈپٹی ڈسٹرکٹ افسران ہیلتھ اور ضلع کے 26 محکموں کے افسران ونمائندے بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری راشد منصور نے کہا کہ حکومت کے بروقت اقدام کے باعث ڈینگی کو المیہ بننے سے روکنے میں مددملی ہے ۔ انہوں نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی سرگرمیوں کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر صوبائی ڈیٹا پر منتقل کریں تاکہ تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کو ممکن بنایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ محکموں کو آگہی مہم مزید تیز کرنے اور لاروا سائٹس پر حکومت کے ضابطوں کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے ۔

ان ڈور لاروا سائٹس کے مقامات کو سیل کیا جائے اور ایس اوپیز پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی جائیں ۔انہوں نے انسداد ڈینگی مہم میں خصوصی تعلیم کے اداروں او رانتظامیہ کو بھی شامل کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے محکمہ آبپاشی کوہدایت کی کہ وہ بند نہروں میں کھڑے پانی اور پانی کے دیگر حوض میں لاروا پر نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع محکمہ صحت یا حکومت کے ٹال فری نمبر 0800-99 پر دیں تاکہ اس جگہ پر انسداد ڈینگی ایس او پیز کروائی جاسکیں ۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے فوکل پرسن ڈاکٹر طارق حسن نے بتایا کہ گذشتہ ہفتے کے دوران ضلع میں 244 مشکوک افراد کا طبی معائنہ کیاگیا جن میں سے پندرہ میں ڈینگی کی علامات پائی گئیں جن کا ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال میں بھرپو رعلاج کیاگیا اور تمام مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت ڈینگی وارڈ میں صر ف تین مریض زیر علاج ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 31اکتوبر کو 31مشکوک افراد ہسپتال لائے گئے جن میں سے تین میں ڈینگی مرض کی تشخیص کی گئی ۔

انسداد ڈینگی ٹیموں کی گذشتہ ہفتے کی سرگرمیوں بارے انہوں نے بتایاکہ سات یوم کے دوران 334ان ڈور ٹیموں نے 52954 مکانات کا معائنہ کیا جن میں سے سات مقامات پر لاروا کی نشاندہی ہوئی ۔محکمہ صحت نے ان مقامات پر سپرے او ردیگر انسداد ڈینگی اقدامات مکمل کر لئے ہیں ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع میں 167 آؤٹ ڈؤر ٹیموں نے 12183 مقامات کو چیک کیا جس میں سے سات مقامات پر لاروا ملا ۔

اجلاس میں مزید بتایاگیا کہ گذشتہ ہفتے کے دوران تیرہ افراد کو نوٹس جاری کئے گئے جبکہ ایک کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی گئی۔ فوکل پرسن نے مزید بتایاکہ گذشتہ ہفتہ کے دوران محکمہ صحت کی طرف سے 53سیمینار ‘1032آگاہی اجلاس اور 30 واکس کاانتظام کیاگیا ۔ ہیلپ لائن پر موصول ہونے والی شکایات کے بارے میں انہوں نے بتایاکہ اس دوران 21شکایا ت موصول ہوئیں جنہیں فوری طورپر نمٹا دیاگیا ۔

سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن نے انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی ہدایت کی۔قبل ازیں انہوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی ‘ اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ اور ڈپٹی ڈی ایچ او کے ہمراہ تحصیل بھیرہ میں نرسریوں ‘ قبرستان وتجارتی مراکز کادورہ کیا ۔انہوں نے بھیرہ میں لاروا سائٹس کا بھی جائزہ لیا اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں بریفنگ اجلاس کی صدارت کی۔