زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں کمپیوٹر سائنس کی نئی بلڈنگ کا افتتاح کر دیا گیا

بدھ 6 نومبر 2019 22:52

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 نومبر2019ء) :زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں 1350ملین روپے کی خصوصی حکومتی گرانٹ کے نتیجہ میں تعمیر ہونے والے آئی سی ٹی پراجیکٹ میں کمپیوٹر سائنس کی نئی بلڈنگ کا بھی افتتاح کر دیا گیا۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) نے ڈین کلیہ سائنسز ڈاکٹر اصغر باجوہ‘ پرنسپل آفیسراسٹیٹ مینجمنٹ و انجینئرنگ و کنسٹرکشن ڈاکٹر قمر بلال‘ ٹریژررطارق سعید‘ ڈائریکٹر پروکیورمنٹ عمر سعید قادری ‘چیئرمین شعبہ کمپیوٹر سائنس ڈاکٹر سلمان افسر اعوان‘ ممبر سنڈیکیٹ احسن رضا ستار‘ تسلیم مصطفی‘ انچارج گارڈننگ ونگ ڈاکٹر عدنان یونس اور کمپیوٹر سائنسز کے اساتذہ و طلبہ کے ہمراہ نئی بلڈنگ کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ 1350ملین روپے کے میگا پراجیکٹ میں دو عمارتوں یعنی سٹوڈنٹس ہاسٹل اور ڈیجیٹل لائبری کی عمارتیں پہلے ہی متعلقہ شعبہ جات کیلئے کھول دی گئی ہیںجبکہ 118ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونیوالی تین منزلہ آئی سی ٹی بلڈنگ (کمپیوٹر سائنس) کا افتتاح بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔

(جاری ہے)

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف نے اُمید ظاہر کی کہ اس نئی بلڈنگ کی فراہمی سے کمپیوٹر سائنس میں جاری سات ڈگری پروگراموں کے طلبہ اور اساتذہ کواپنے پیشہ وارانہ اُمور کی انجام دہی میں خاطر خواہ سہولت ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ زرعی یونیورسٹی صوبے کی پہلی جامعہ ہوگی جو سب سے پہلے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی معاونت سے ای فائلنگ اور آٹومیشن پر منتقل ہوگی جس سے ہر سال سٹیشنری پر اٹھنے والے کروڑوں روپے بچائے جا سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ای فائلنگ کے نتیجہ میں زیرغور معاملات کی ٹریکنگ یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ہر متعلقہ افسر ایک ٹائم فریم میں اسے نمٹانے کا ذمہ دار ہوگا۔

انہوں نے بتایاکہ پی آئی ٹی بی کی ٹیم نے یونیورسٹی کے ایک درجن سے زائد ملازمین کو ای فائلنگ کی ابتدائی ٹریننگ دی ہے جس کے نتیجہ میں ان میں ای فائلنگ کے جملہ اُمور کے حوالے سے خاطر خواہ آگاہی پیدا ہوئی ہے۔ اس موقع پر ڈین کلیہ سائنسز ڈاکٹر اصغر باجوہ نے بتایا کہ ان کا دفتر بھی اس نئی تین منزلہ عمارت میں منتقل کیا جا رہا ہے اور انہیں فیکلٹی بورڈ اور دوسری میٹنگز کیلئے خاطر خواہ سہولت ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ تین منزلہ عمارت میں اساتذہ کے دفاتر کے ساتھ ساتھ 8ٹیچنگ رومز‘ تین کمپیوٹر لیبارٹریز اور ایک بڑا آڈیٹوریم بھی شامل ہے جس سے شعبہ کی تقریباً تمام جملہ ضروریات پوری ہوسکیں گی۔