Live Updates

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں حضور نبی پاکؐ کا یوم ولادت منانے کے لئے تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

سرکار دو عالم کا یوم ولادت 10 نومبر کو مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منایا جائے گا

جمعرات 7 نومبر 2019 13:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 نومبر2019ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں حضور نبی پاکؐ کا یوم ولادت منانے کے لئے تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں ہیں۔ سرکاری اور نجی سطح پر سرکار دو عالم کا یوم ولادت اتوار 10 نومبر کو مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں لوگوں نے اپنے گھروں و گلیوں اور بازاروں میں چراغاں کیا ہے اور محافل ذکر و نعت اور میلاد پاکؐ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

ملک بھر میں تمام چھوٹے بڑے شہروں ‘ قصبوں اور دیہات میں 12ربیع الاول کو عید میلاد النبیؐ کے جلوس منعقد ہوں گے۔ سرکاری سطح پر عید امیلاد النبیؐ کی مرکزی تقریب کے سلسلے میں عالمی رحمت اللعٰلمین کانفرنس منعقد ہوگی۔ جس کے افتتاحی سیشن میں وزیراعظم عمران خان جبکہ اختتامی سیشن میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی مہمان خصوصی ہوں گے۔

(جاری ہے)

رواں سال عالمی سیرت کانفرنس کا موضوع’’ریاست مدینہ اور جدید اسلامی فلاحی مملکت کا تصور تعلیمات نبویؐ کی روشنی میں‘‘ رکھا گیا ہے۔

اس موضوع پر یونیورسٹیوں ‘ کالجوں اور دینی مدارس کے سکالرز اور علماء و مشائخ نے تحقیقی مقالات‘ کتب سیرت اور کتب نعت مقابلے کے لئے وزارت مذہبی امور کو بھجوائے ہیں۔ وزارت مذہبی امور نے 70مقالات ‘ کتب سیرت و نعت کو مقابلے کے لئے منتخب کیا ہے۔ اتوار 10نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والی عالمی رحمت اللعٰلمین کانفرنس میں شرکت کے لئے سعودی عرب ایران مصر عمان عراق ‘ تیونس اورشام سے علماء و مشائخ کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ جامع الازہر کے وائس چانسلر‘ عمان کے مفتی اعظم‘ مدینہ یونیورسٹی کے پروفیسرز اور مسجد اقصیٰ کے خطیب کو کانفرنس میں شرکت کی خصوصی طور پر دعوت دی گئی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات