ایل ڈی اے ایونیو ون بلاک اے اور بی کے 136الاٹیوں کو پلاٹوں کا قبضہ دینے کے لئے تمام رکاوٹیں دورکر دی گئیں، عثمان معظم

جمعرات 7 نومبر 2019 21:54

لاہور۔7 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 نومبر2019ء) ایل ڈی اے ایونیو ون کے متاثرین کا طویل انتظار ختم ہو گیا۔ بلاک اے اور بی کے 136الاٹیوں کو پلاٹوں کا قبضہ دینے کے لئے تمام رکاوٹیں دورکر دی گئیں ۔پنجاب سو ل سیکرٹریٹ ایمپلائیز کوآپریٹو سو سائٹی نے ایونیو ون میں شامل اپنی315کنال اراضی کے عوض30فیصد ایگزیمشن حاصل کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی جس کے عوض اسے 94.5کنال اراضی پر بنائے گئے مختلف سائز کے 389پلاٹ دیئے گئے ہیں ۔

ان میں 3مرلے کے 104‘5مرلے کے 255اور 10کے 30پلاٹ شامل ہیں ۔ ان پلاٹوں کے نمبروں کی قرعہ اندازی گزشتہ روز پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے منعقد ہوئی ۔اس قرعہ اندازی کے بعد ایونیو ون کے بلاک اے اور بی کے 136متاثرہ الاٹیوں کو ان کے پلاٹوں کا قبضہ دے دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اظہار خیال کر تے ہوئے ایل ڈی اے کے وائس چیئر مین ایس ایم عمران نے کہا ہے کہ ہم ایل ڈی اے پر شہریوں کا اعتماد بحال کرنے آئے ہیں ۔

انشاء اللہ کر کے رہیں گے ۔ لوگ درینہ مسائل کی وجہ سے پریشان ہیں ۔ بہتر حکمت عملی کے ذریعے انہیں حل کریں گے ۔ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے محمد عثمان معظم نے کہا کہ آج بہت خوشی کا دن ہے ۔ 17سال بعد ایل ڈی اے ایونیو ون کے معاملات آگے بڑھ رہے ہیں ۔ واضح رہے کہ ایل ڈی اے ایونیو ون کی اراضی پر واقع مختلف رہائشی سکیموں سے تنازعے اور عدالتی چارہ جوئی کے باعث سکیم کے دو ہزارمتاثرہ الاٹیوں کو ان کے پلاٹوں کا قبضہ دینے کا معاملہ 16سال سے زیر التواء ہے ۔

ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی نے ان6 سکیموں کے ساتھ بات چیت کے ذریعے مسئلے کا حل تلاش کرنے اور ان سکیموں کو ان کی اراضی کے بدلے 30فیصداراضی کی ایگزیمشن دینے کا فیصلہ کیا۔ابھی تک تین سکیموں کے ساتھ بات چیت کا میاب ہو چکی ہے ۔ جلد ہی دیگر بلاکوں کے متاثرین کو ان کے پلاٹوں کا قبضة دینے کا کام بھی شروع کر دیا جائے گا۔اس موقع پر ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کے ارکان ایم پی اے سعدیہ سہیل رانا انجینئر عامر ریاض قریشی ڈائریکٹر جنرل محمد عثمان معظم ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل رانا ٹکا خان ‘ نیب ‘محکمہ کوآپر یٹو اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے ۔