پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ پلان 9کے تحت ''لانچ پیڈ 14'' نمائش کا انعقاد

افتتاحی دن نمائش میں 100 سے زائد سٹارٹ اپس نے سٹالز لگائے

جمعرات 7 نومبر 2019 22:20

لاہور۔7 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 نومبر2019ء) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے منصوبے پلان نائن کے تحت ''لانچ پیڈ 14'' کے افتتاحی دن سٹارٹ اپس کی نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان بھر سے جدید ٹیکنالوجی کے حامل تخلیقی منصوبوں پر مشتمل 100 سے زائد سٹارٹ اپس نے سٹالز لگائے۔حاضرین نے نوجوانوں کے تخلیقی و منفرد آئیڈیاز اور ایجادات کو سراہا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر انٹرپرینیورشپ سلمان امین نے کہا کہ سٹارٹ اپس کے فروغ کیلئے پلان نائن ہر چھ ماہ بعد لانچ پیڈ کا انعقاد کرتا ہے، جس میں پاکستان بھر سے درخواست دینے والے آٹھ سو میں سے پندرہ سٹارٹ اپس کا انتخاب اور ان کی ٹریننگ کی جاتی ہے۔پلان9 اب تک 180 سے زائد سٹارٹ اپس کو تربیت و معاونت فراہم کر چکا ہے جو اربوں روپے کی کمپنیاں وضع کر چکے ہیں۔ ''لانچ پیڈ 14'' پاکستان کے تین بڑے شہروں لاہور، کراچی، اسلام آباد کے علاوہ فیصل آباد، ملتان اور اس سال گوجرنوالہ کیلئے بھی متعارف کروایا گیا ہے۔