حضرت محمدﷺ سے سچی محبت کا تقاضہ ہے کہ مذہبی رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔گورنرسندھ

ہفتہ 9 نومبر 2019 19:10

حضرت محمدﷺ سے سچی محبت کا تقاضہ ہے کہ مذہبی رواداری اور فرقہ وارانہ ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2019ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام امن کا داعی ہے، اسلام اور امن دونوں ایک ہی چیز کے دو نام ہیں، جہاں اسلام ہوگا وہاں امن بھی ہوگا، ہمارا معاشرہ پرامن ہوگا تو دنیا کی قومیں خود بخود اسلام کے پیغامات کو سمجھیں گی۔

(جاری ہے)

12 ربیع الاول کے حوالے سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ حضرت محمدﷺ سے سچی محبت کا تقاضہ ہے کہ پاکستان میں مذہبی رواداری اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے، نبیﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ہی دنیا کو امن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ رواداری، بھائی چارگی، اخوت، محبت اور ایثار اسلام کا درس ہے۔

انہوں نے کہا کہ حب الوطنی کا تقاضہ ہے کہ ہم سب مل کر حضرت محمدﷺ کی تعلیمات کو اپنائیں اور بلاکسی تفریق کے انسانیت کے لئے کام کریں، یہی پیغام ہمارے پیارے نبیﷺ کا ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج عید میلاد النبیﷺ کا دن ساری کائنات باالخصوص عالم اسلام کے لئے انتہائی خوشی اور مسرت کا دن ہے اس روز کی آمد پر میں تمام مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔