مولانا فضل الرحمان نے پلان ’’بی‘‘ کو حتمی شکل دے دی

پلان بی میں راولپنڈی اور اسلام آباد میں لاک ڈاون جبکہ سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اورپنجاب میں اہم شاہراہیں بند کرنے کی منصوبہ بندی شامل ہے، رہبر کمیٹی کی حتمی منظور کے بعد آج اعلان متوقع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 12 نومبر 2019 17:08

مولانا فضل الرحمان نے پلان ’’بی‘‘ کو حتمی شکل دے دی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 نومبر2019ء) جمیعت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پلان ’’بی‘‘ کو حتمی شکل دے دی۔ پلان بی میں راولپنڈی اور اسلام آباد میں لاک ڈاون جبکہ سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اورپنجاب میں اہم شاہراہیں بند کرنے کی منصوبہ بندی شامل ہے، رہبر کمیٹی کو جلسہ گاہ طلب کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔

جس میں آزدی مارچ سے متعلق پلان بی کو حتمی شکل دی گئی۔ جے یو آئی(ف) کے چاروں صوبائی امراء نے پلان بی پر اپنی تیاری پربریفنگ دی۔ مولانا فضل الرحمان نے چاروں امراء کی پلان بی پرتیاری پر اطمینان کا اظہار کیا۔ بتایا گیا ہے کہ جے یو آئی (ف) کے پلان بی میں راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی اہم مقامات پر لاک ڈاون کا منصوبہ شامل ہے۔

(جاری ہے)

سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اورپنجاب میں اہم شاہراہیں بند کرنے کی منصوبہ بندی بھی شامل ہے۔

اسی طرح ترجمان مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ فیصلوں کا اعلان مولانا فضل الرحمان جلسہ گاہ میں کریں گے۔ مولانا فضل الرحمان نے رہبر کمیٹی کو فوری طور پر جلسہ گاہ بلا لیا۔ مولانا فضل الرحمان فیصلوں کی رہبر کمیٹی سے منظوری لیں گے۔ مزید برآں کنوینئررہبرکمیٹی اکرم درانی نے کہا کہ آج دھرنے میں اہم اعلان کیا جائے گا۔ دھرنے میں پلان بی سے متعلق اعلان کیا جاسکتا ہے۔

اکرم درانی نے کہا کہ نیب سیاسی انتقام لے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے والد بیمار ہیں گھر میں مسائل ہیں وہ دھرنے میں نہیں آسکتیں۔ اکرم درانی نے کہا کہ نوازشریف اور مریم کی صحت کیلئے دعا گو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رہبر کمیٹی میں ن لیگ کی نمائندگی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ کو ٹماٹر کی قیمت کا پتہ نہیں معیشت کیا چلائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ کے ماتھے پر اتنے ٹماٹر مارو اسے بھاؤ معلوم ہو جائے۔