ضلعی انتظامیہ پشاورکی تجاوزات کے خلاف کارروائی،30 غیرقانونی تعمیرات مسمار

جمعرات 14 نومبر 2019 12:43

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2019ء) ضلعی انتظامیہ پشاور نے سردار احمد جان کالونی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے 30 سے زائد غیرقانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا ۔ترجمان کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پشاور سارہ رحمان کی نگرانی میں انتظامیہ نے بھاری مشینری کے زریعے شاہی کٹھہ پرتجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے 30 سے زائدگھروں کی غیرقانونی تعمیرات کومسمارکردیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈبلیو ایس ایس پی کے زونل منیجر طارق عزیز ، مقامی پولیس اور ریسکیو 1122 کے افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنرپشاورمحمدعلی اصغر کے مطابق آپریشن کے دوران نکاسی آب کے نالے کے ساتھ سرکاری جگہ پر قائم کی گئی غیرقانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا،ان غیرقانونی تعمیرات کے مالکان کو پہلے نوٹسزدیئے گئے تھے،تاہم نوٹسز کے باوجود وہ تجاوزات نہیں ہٹا رہے تھے۔ڈپٹی کمشنر پشاورکے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کے احکامات پر پشاور میں نکاسی آب کے نالوں پر تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے،ندی نالوں پر موجود غیر قانونی تعمیرات وتجاوزات کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔