ْصوبہ ہزارہ کے قیام کیلئے کوششیں کرنے والے مقامی عوام کے سروں کا تاج ہیں، احمد نواز خان

ہفتہ 16 نومبر 2019 15:20

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2019ء) ہزارہ عوامی اتحاد کے مرکزی رہنما احمد نواز خان نے کہا ہے کہ صوبہ ہزارہ کے قیام کے لئے کوششیں کرنے والے ہزارہ کے عوام کے سروں کا تاج ہیں جس سیاسی رہنما نے صوبہ ہزارہ کے لئے اپنا کردار ادا کیا ہم ان کے ساتھ ہیں، وفاقی وزیر اعظم سواتی اور صالح محمد خان نے مسئلہ اجاگر کر کے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم لسانی بنیادوں پر صوبہ ہزارہ نہیں چاہتے بلکہ انتظامی قواعد و ضوابط کے تحت صوبہ ہمارا حق ہے، دنیا میں نئے صوبہ کی بات کرنا کوئی نئی بات نہیں، بھارت میں آزادی کے وقت صرف سات صوبے تھے جو اب 29 ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی اور ایران سمیت یورپی ممالک میں بھی آبادی کو چھوٹے چھوٹے یونٹس میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ وہاں بہتر اسلوب حکمرانی قائم ہو، چھوٹے یونٹس سے عوام کو حقوق کے حصول میں آسانی ہو گی اور بدعنوانی کا خاتمہ ہو گا۔