Live Updates

پاکستانی سیاست میں خوشگوار دور آنے والا ہے،نواز شریف کو 4 ہفتوں کی اجازت کسی کی جیت یا ہار نہیں

وفاقی وزیربرائے ریلوے شیخ رشید احمدکی راولپنڈی میں سٹیم سفاری ٹرین کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو

اتوار 17 نومبر 2019 14:50

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2019ء) وفاقی وزیربرائے ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاست میں خوشگوار دور آنے والا ہے،نواز شریف کو 4 ہفتوں کیلئے اجازت مل گئی ہے، یہ نہ ان کی جیت ہے نہ ہماری ہار ہے،نہ ڈیل ہوئی ہے نہ ڈھیل ،نواز شریف نے حلفیہ بیان دیا ہے کہ وہ 4 ہفتے علاج کے بعد واپس آئیںگے،شریف برادران کو باہر بجھوانے میں کسی کا کوئی رول نہیں یہ فیصلہ عدالت نے کیا ہے،نواز شریف تھرمامیٹر لے کر ٹی وی میں پھنسے ہوئے تھے ،سٹاک ایکسچینج کی طرح کبھی پلیٹ لیٹس اوپر جارہے تھے کبھی نیچے جارہے تھے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوار کو راولپنڈی ریلوے سٹیشن پرسٹیم سفاری ٹرین کے افتتاح کے موقع پر ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ راولپنڈی ریلوے سید منور شاہ اور خالد ملک سمیت دیگر حکام بھی موجودتھے ۔ راولپنڈی سے اٹک سٹیم انجن سفاری ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہاکہ سیاست اور جنگ میں ٹائمنگ بہت اہم ہوتی ہے، کل ہائی کورٹ نے نواز شریف کو جانے کی اجازت دی،عدالت کے سوا کسی کا کوئی رول نہیں، یہ نوازشریف کی جیت ہے نہ ہماری ہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں نہ ڈیل ہوئی ہے نہ ڈھیل، عدالت نے دونوں پارٹیوں کی عزت کو بحال رکھا، نوازشریف نے حلفیہ بیان دیا کہ چار ہفتے بعد واپس آئیں گے، نواز خاندان سمجھتا ہے کفن میں جیبیں لگی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ کا فیصلہ قانون کی جیت ہے، سوشل میڈیا پر ڈیل کا تاثر دیا گیا جو درست نہیں، آئندہ 2 سے 3 ماہ اہم ہیں پھر حالات بہتر ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ایجنڈا ہے کسی چور کو نہیں چھوڑنا، اللہ تعالی نوازشریف کو صحت دے، شریف برادران کو باہر بھجوانے میں کسی کا کردارنہیں۔انہوں نے مولانا فضل الرحمن سے متعلق سوال پر کہا کہ مولانا نے پوری کوشش کی، کچھ کیا نہیں گلاس توڑا 12آنے کا، مولانا کو جانا ہی تھا، یہ لوگ کسی کے کہنے پر واپس نہیں گئے، اب پاکستان کی سیاست میں خوشگوار دور آنے والا ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ 100سال پرانے سٹیم انجن بحال کیے جارہے ہیں، تمام ممالک کا شکریہ جنہوں نے پاکستان ریلوے کی سٹیم انجن کی بحالی میں مدد کی۔افتتاح کے بعد پہلے سفر میں سٹیم سفاری ٹرین راولپنڈی ریلوے سٹیشن سے اٹک کے لیے روانہ ہوئی، اس سفر میں جرمنی، اٹلی، برطانیہ، جاپان، آسٹریلیا کے بلاگرز شامل ہیں۔انہوںنے کہاکہ ریل مسافروں کی تعداد میں 80 لاکھ کا اضافہ ہوا جو کہ بڑی کامیابی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ آصف زرادی کیس میں 5 لوگ پلی بارگین کی کوششوں میں ہیں۔15 جنوری تک حالات بہتر ہوجائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات