ملک میں عام اور خاص افراد کے لئے یکساں قانون ہونا چاہیے،

نواز شریف جیسی سہولت دوسرے قیدیوں کو بھی ملنی چاہیے، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین کی پریس کانفرنس

منگل 19 نومبر 2019 13:08

ملک میں عام اور خاص افراد کے لئے یکساں قانون ہونا چاہیے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2019ء) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ (ن) لیگ اب اپنے منشور کا نام چمڑی جائے پر دمڑی نہ جائے رکھ لے، نواز شریف جیسی سہولت جیلوں میں قید دوسرے قیدیوں کو بھی ملنی چاہیے، ویڈیو سے لگ رہا تھا کہ ان کی صحت بہتر ہے، ملک میں عام اور خاص افراد کے لئے یکساں قانون ہونا چاہیے، دیکھتے ہیں کہ میاں نواز شریف واپس آتے ہیں کہ نہیں، ہم دعا گو ہیں کہ میاں نواز شریف رو بصحت ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جس طرح ہفتہ کے روز عدالت لگائی گئی اور فیصلہ سنایا گیا اگر عدالت پیر کو لگائی جاتی تو کوئی قیامت نہیں آ جاتی۔

(جاری ہے)

اس طرح کے فیصلوں سے معاشرے میں فرق پیدا ہوتا ہے جو یہ ثابت کرتا ہے کہ طاقت ور کے لئے الگ اور عام آدمی کے لئے الگ قانون ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب دیکھنا یہ ہے کہ میاں نواز شریف علاج کروانے کے بعد واپس آتے ہیں یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج منگل کو ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں میاں نواز شریف کے فیصلے پر سپریم کورٹ میں اپیل کرنے کے حوالے سے غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف پر جرمانے حکومت نے نہیں بلکہ عدالت نے عائد کئے ہیں اور (ن) لیگ اپنے منشور کا نام چمڑی جائے پردمڑی نہ جائے رکھ لے اور ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ کسی صورت بھی این آر او نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی لندن روانگی کی ویڈیو سے لگ رہا ہے کہ ان کی صحت بہتر ہے اور میں دعا گو ہوں کہ وہ جلد روبصحت ہوں۔