سعودی عرب میں اس بار شدید ٹھنڈ پڑنے والی ہے

گزشتہ روز کی بارش کے نتیجے میں دو افراد ڈُوب کر جاں بحق ہو گئے محکمہ موسمیات کے مطابق مختلف علاقوں میں سردی کی لہر آج سے شروع ہو جائے گی جو اگلے 2 ہفتوں تک جاری رہے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 4 دسمبر 2019 10:53

سعودی عرب میں اس بار شدید ٹھنڈ پڑنے والی ہے
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4دسمبر 2019ء) سعودی عرب میں رواں سیزن کے دوران طوفانی بارشیں ہوئی ہیں، جس کے باعث کروڑوں ریال کی املاک کا نقصان ہوا ہے، جبکہ درجنوں افراد جاں بحق بھی ہو چکے ہیں۔ اتوار اور سوموار کے روز بھی ہونے والی شدید بارشوں نے نظامِ زندگی بُری طرح معطل کر دیا تھا۔ تاہم اب سعودی محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مملکت کے بیشتر علاقوں میں آج سے سرد کی لہر شروع ہو جائے گی، اس بار سردی معمول سے کچھ بڑھ کر پڑے گی۔

سردی کی یہ لہر اگلے دو ہفتوں تک جاری رہے گی۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ منگل اور بُدھ کی درمیانی رات سے شمال کی جانب سے سرد ہوا کی لہر چلنا شروع ہو جائے گی، جس کے باعث بُدھ کو موسم سرد محسوس ہو گا، جبکہ جمعہ کے روز خُنکی میں مزید اضافہ جائے گا۔

(جاری ہے)

سردی کی یہ لہر وسطی اور شمالی علاقوں کو خاص طور پر اپنا نشانہ بنائے گی۔اگلے ہفتے ٹھنڈ میں کچھ کمی واقع ہو گی تاہم اس کے بعد جنوب کی جانب سے ٹھنڈی ہوائیں چلنا شروع ہو جائیں گی جن کا دورانیہ 2 ہفتوں پر محیط ہو گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جازان اور عسیر میں آج کے روز موسلادھار بارش کا امکان ہے جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی بھر جائے گا۔دُوسری جانب سبت الجارہ کی ایک وادی میں دو افراد سیلابی ریلے میں بہہ کر جاں بحق ہو گئے، جن کی لاشوں کی تلاش کے لیے محکمہ شہری دفاع کی ٹیمیں جاری کر رہی ہیں۔ محکمہ شہری دفاع نے خبردار کیا ہے کہ وادیوں کے رہائشی خطرناک مقامات سے دُور رہیں۔ خصوصاً پکنک کے لیے وادیوں کا رُخ کرنے والے بھی ان دِنوں مقامات پر تفریح سے گریز کریں، ڈرائیور حضرات بھی ان علاقوں کا رُخ کرنے سے گریز کریں۔